Daily Roshni News

آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی عبوری منظوری دے دی گئی

آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی)کی مد میں 1221 ارب روپے مختص کرنے کی عبوری منظوری دے دی گئی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کے سالانہ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کی طرف سے آئندہ مالی سال کیلئے 2800 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مانگا گیا تھا۔

اسلام آباد میں ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان کی زیر صدارت اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پی ایس ڈی پی، ایس آئی ایف سی اور قومی اقتصادی کونسل کی سفارشات اور ہدایات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے، پی ایس ڈی پی میں مالی مشکلات کے باعث اہم قومی نوعیت کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی کی دستاویز کے مطابق اجلاس میں توانائی کیلئے 378 ارب، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن کیلئے 173 ارب، فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ کیلئے 42 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔

اجلاس میں صحت کیلئے 17 ارب روپے اور ہائیر ایجوکیشن (ایچ ای سی) سمیت تعلیم کیلئے 32 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق خصوصی علاقوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 51 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

Loading