Daily Roshni News

آج کل بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ غذا جو 32 سنگین امراض کا شکار بنا سکتی ہے

الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے 32 سنگین امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

یہ انتباہ اس حوالے سے ہونے والی اب تک کی سب سے بڑی طبی تحقیق میں کیا گیا۔

امریکا کے جونز ہوپکنز بلومبرگ اسکول آف پبلک ہیلتھ، آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی اور فرانس کی Sorbonne یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے صحت کو متعدد نقصان دہ اثرات کا سامنا ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی غذاؤں کا زیادہ استعمال امراض قلب، کینسر، ذیابیطس ٹائپ 2، ذہنی امراض اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ موجودہ عہد میں متعدد افراد روزانہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران 99 لاکھ افراد پر ہونے والی 45 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے نظام تنفس، دل، معدے، میٹابولک اور دماغی صحت سے جڑے 32 امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ان غذاؤں کا استعمال جتنا زیادہ کیا جائے گا، سنگین امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جائے گا۔

تحقیق کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض جیسے ہارٹ اٹیک یا فالج سے موت کا خطرہ 50 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح انزائٹی اور دیگر عام ذہنی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ 48 سے 53 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ 12 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 21 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ڈپریشن سے متاثر ہونے کا امکان 22 فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ موٹاپے اور نیند کے مسائل کا خطرہ 46 سے 66 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال اور دمہ، نظام ہاضمہ کی صحت، کینسر کی کچھ اقسام اور کارڈیو میٹابولک صحت کے درمیان تعلق کے شواہد بھی دریافت کیے گئے، مگر محققین کے مطابق یہ شواہد محدود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں ہماری صحت کے لیے بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج برٹش میڈیکل جرنل میں شائع ہوئے۔

Loading