Daily Roshni News

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہونےکا امکان

اسرائیل اور  لبنان کی مزاحمتی تنظیم  حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہونے کا امکان ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی ذرائع نے بتایا ہےکہ  امریکی اور فرانسیسی صدر 36 گھنٹوں میں جنگ بندی کا اعلان کرسکتےہیں۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی کا کہنا ہےکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق مذاکرات درست سمت میں جاری ہیں اور ہم معاہدے کے قریب ہیں۔

فرانسیسی صدر کے دفتر سے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہےکہ لبنان میں جنگ بندی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ جلد نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے بھی دعویٰ کیا ہےکہ حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں۔ اسرائیلی کابینہ اس حوالے سے منگل کو بحث کرے گی۔

د وسری جانب اس حوالے سے حزب اللہ نے ابھی کوئی بیان نہیں دیا۔

ادھر  جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، آج ہونے والے حملوں میں 12 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے۔

غزہ کے پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں پر  بھی اسرائیلی بمباری جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔

رفح میں اسرائیلی فوجی گاڑی پر حماس کے راکٹ حملے میں کئی اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

غزہ میں موسم سرما کی بارش کے بعد ٹھنڈ سے پانچ لاکھ افراد کے متاثر ہونےکا خدشہ ہے۔

Loading