Daily Roshni News

الیکشن کمیشن آئیں بائیں شائیں کے بجائے اعلیٰ عدلیہ کے حکم کی تعمیل کرے: بیرسٹر سیف

مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے ادارے کو سیاسی جماعت میں بدل دیا ہے۔

بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بہانے ڈھونڈنے کے لیے اجلاس پر اجلاس بلا رہے ہیں، کمیشن آئیں بائیں شائیں کی بجائے اعلیٰ عدلیہ کے حکم کی تعمیل کرے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے، تاخیری حربے استعمال کرنے پر چیف الیکشن کمشنر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، وہ آئین سے متصادم فیصلے کرنے پر آرٹیکل 6 کے بھی مرتکب ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن جعلی حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے، مینڈیٹ چور حکومت ریاستی اداروں کی ساکھ کو داؤ پر لگا رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ ریاستی اداروں کے سیاسی فیصلے ملک کے لیے بھیانک ہوتے ہیں، فارم 47 کی حکومت نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔

Loading