Daily Roshni News

‘بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ’، افغانستان کی جیت پر عرفان پٹھان کا رقص

بھارت کے سابق کرکٹر اور آئی سی سی ورلڈکپ کے کمنٹری پینل میں شامل عرفان پٹھان نے پاکستان کے خلاف افغانستان کی جیت پر چنئی کے گراؤنڈ میں رقص کیا جس کی ویڈیو خود انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کی۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہےجبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

اس موقع پر سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے اسٹیڈیم میں افغان اسپنر راشد خان کے ہمراہ بھنگڑا کیا، ویڈیو کے کیپشن میں عرفان نے لکھا ‘میں نے اپنا کہا پورا کیا، راشد خان نے مجھ سے کہا تھا کہ ہم دوبارہ جیتیں گے، جس پر میں نے کہا تھا کہ میں دوبارہ ڈانس کروں گا’۔

ورلڈ کپ میں آئی سی سی براڈ کاسٹر کے طور پر کام کرنے والے عرفان سے متعلق کئی لوگوں نے تبصرے کیے اور اس صورتحال کو ‘بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ’ قرار دیا اور ایکس پر متعدد پوسٹ کیں جس میں عرفان پٹھان کو کچھ لوگوں نے پیشہ ورانہ طور پر پیش آنے کا مشورہ بھی دیا۔

عرفان پٹھان کی انسٹاگرام پر شیئر کردہ ڈانس کی ویڈیو پر افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے بھی کمنٹ کیا اور لکھا ‘شکریہ عرفان بھائی، یہ لمحہ بہترین تھا’۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

اس کے علاوہ سابق بھارتی کرکٹر نے ایکس پوسٹ میں لکھا کہ واضح طور پر آج ایک بہتر ٹیم جیتی، پاکستان کے خلاف شاندار فتح پر افغانستان کو شاباش۔

Loading