Daily Roshni News

بےگناہوں کے جیلوں سے نکلنے تک عزت کے خواہشمندوں کو عزت نہیں ملے گی: شیخ رشید

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور  سابق وزیر وفاقی شیخ رشید نے کہا ہے کہ جب تک بےگناہ جیلوں سے نہیں نکالے جائیں گے، عزت کےخواہشمندوں کو عزت نہیں ملے گی۔ 

اسلام آباد میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 500 آدمیوں کو جھوٹے کیسز میں اڈیالہ جیل میں رکھا ہوا ہے، اس عید پربےگناہ لوگوں کو رہائی ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک بےگناہ لوگ جیلوں سے نہیں نکالے جائیں گے تو عزت کے خواہشمندوں  کو  عزت نہیں ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نواز شریف اب میری طرح سائیڈ پر ہی رہیں، میں نے سیاست سے کنارہ نہیں کیا بلکہ 2 مہینے تک سائیڈ پر ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ 2 مہینے سیاسی طور  پر اہم ہیں، ان میں چور لٹیروں کی سیاست کا فیصلہ ہوگا، اس بارعید کے بعد قربانی ہوگی اورکھال سمیت ہوگی، قصائی کا انتظام ہو گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دوروں پر کہا کہ حکومت کو نہ یو اے ای، نہ سعودی عرب اور  نہ ہی چین سے پیسے ملے۔ 

قومی ٹیم کی بھارت سے شکست پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہمارا فائنل میچ کل تھا جس میں ہم ہار گئے، بھارت سے شکست پر پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں، جس طرح ہر صبح ملک میں بری خبر آتی ہے یہ بھی بری خبر ہے۔ 

Loading