Daily Roshni News

جب بھی انتخابات کا موقع آئے اس کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے، عمران کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  نے اپنے اہلخانہ کے ذریعے 24 اکتوبرکو  بیان جاری کیا ہے۔

عمران کان کا کہنا تھاکہ گزشتہ چند روز کے دوران اپنی آنکھوں سےقانون کوایک مذاق بنتے دیکھا، جوہو رہا ہے وہ لندن منصوبے کا شاخسانہ نہیں بلکہ ’لندن معاہدے‘ کا نتیجہ ہے، یہ ایک بزدل، بھگوڑے،کرپٹ مجرم اور اسکےسہولت کاروں کے درمیان طےپایا۔

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہم دیکھ رہےہیں وہ ہمارے نظامِ انصاف کا مکمل انہدام اورتباہی ہے، میرےخلاف مقدمات مکمل طور پرجعلی، من گھڑت اور سیاسی اہداف کے تحت قائم کیے گئے ہیں، یہ مقدمات اس لیے بنائے گئے تاکہ مجھےانتخابات کے بعد تک جیل میں رکھ سکیں۔

ان  کا کہنا تھاکہ قوم میں بڑھتا شعور اور بند کمروں میں تیارکی جانے والی سازشوں کیخلاف مزاحمت انہیں خوفزدہ کرتی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ فی الوقت جسمانی لحاظ سے میں ٹھیک ٹھاک ہوں، اگر میرے جسم پر کسی قسم کاضُعف یا کمزوری طاری ہوتی تو مجھے احساس ہوجاتا، یہ پہلے ہی دو مرتبہ میری جان لینے کی کوشش کرچکے ہیں، میں اپنا ملک چھوڑ کر جانے پر کبھی آمادہ نہیں ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے یہ جیل میں میری جان لینے کی ایک اورکوشش کریں، یہ کوشش مجھےآہستہ آہستہ زہر دینے کی صورت میں بھی ہوسکتی ہے، ہماری جدوجہد اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہورہی ہے، آپ کو اپنے حقوق اور اپنے ملک کی آزادی کی لڑائی خود سے لڑنی پڑے گی۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ وکلا اور تنظیمی ذمہ داران کو ہدایات بھجوادی ہیں ملک بھر میں کنونشنز منعقد کیے جائیں، جب بھی انتخابات کا موقع آئے اس کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالا جیل میں قید ہیں۔

Loading