Daily Roshni News

جڑی بوٹیوں کا استعمال کیجئے اور ڈپریشن بھگائیے

جڑی بوٹیوں کا استعمال کیجئے اور ڈپریشن بھگائیے

بشکریہ ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ مارچ 2022

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ہم خوش ہوتے ہیں تو ہمیں ساری دنیا خوش نظر آتی ہے۔جب دل اُداس ہوتا ہے تو زمانہ اُداس نظر آتا ہے۔بقول شاعر
دل تو میرا اُداس ہے ناصر
شہر کیوں سائیں سائیں کرتا ہے
ہماری خوشی اور اُداسی کبھی کبھی معمولی سی بات کا نتیجہ ہوتی ہے۔کبھی ہم خود نہیں جانتے کہ اس کا سبب کیا ہے اور کبھی ہماری کامیابی یا ناکامی کسی مسرت انگیز یا غمگین واقعہ کا ردعمل ہوتی ہے۔

طبی ماہرین متفق ہیں کہ ڈپریشن کسی مخصوص طبقے یا غربت اور افلاس میں مبتلا افراد کی بیماری نہیں ہے۔اس مرض میں کوئی بھی شخص مبتلا ہو سکتا ہے۔خواہ وہ دولت مند ہو،فنکار،تاجر،سیاست دان یا عام فرد ہو،کوئی بھی مختلف عوامل کی زد میں آ کر ڈپریشن زدہ ہو سکتا ہے۔ڈپریشن میں مبتلا اکثر افراد کے اردگرد کے لوگوں کو اس کی خبر بھی نہیں ہوتی۔ایسے کچھ افراد اپنی کیفیات سے پیچھا چھڑانے کے لئے نشہ آور اشیاء کے استعمال پر مائل ہو جاتے ہیں۔ڈپریشن میں مبتلا اکثر افراد مایوسی،خوف،نااُمیدی اور افسردگی کی وجہ سے گوشہ نشین ہو جاتے ہیں۔
ڈپریشن کے منفی اثرات متاثرہ شخص کے علاوہ اس کے پورے خاندان پر ہوتے ہیں۔اس کی وجہ سے گھریلو،ازدواجی،سماجی اور کاروباری زندگی سخت متاثر ہو سکتی ہے۔

ڈپریشن نے ہزارہا گھرانوں کے سُکھ چین کو برباد کیا ہے۔ہزاروں افراد کی ہنستی کھیلتی زندگی کو گھن کی طرح چاٹ لیا ہے۔اس نے اَن گنت لوگوں کی زندگی میں زہر گھول دیا ہے۔اگر ہم چاہیں تو زندگی کو اس عذاب سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔اس کے لئے ضروری ہے کہ ڈپریشن کی کیفیات کو چھپایا نہ جائے۔جب دل اُداس ہو،اندیشے خوفزدہ کرنے لگیں یا معمول کی سرگرمیاں بوجھ محسوس ہوں تو کسی دوست یا عزیز سے شیئر کر لینا مناسب ہے۔

باتیں کرنا،مشورے لے لینا اور کسی صحت مند سرگرمی میں مصروف ہونا بہت مفید ہے۔

پانچ مفید اور صحت بخش غذائیں

کدو کے بیج : کدو سے نکلنے والے بیجوں میں غیر سیر شدہ چکنائی کثیر مقدار میں ہوتی ہے، جو خون میں موجود کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ان بیجوں میں جست، کیلشیم، وٹامن بی، ریشہ اور مانع تکسید اجزا بھی ہوتے ہیں۔ سلاد کھاتے وقت ان بیجوں کو سلاد پر ڈال دیجیے یا فرائی پین میں بھون کر سوپ میں چھڑک کر کھانا مفید ہے۔ تل: تلوں میں لحمیات، ریشہ، کیلشیم، میگنیزیم، وٹامن، پوٹاشیم اور جست ہوتا ہے اور مانع تکسید اجزاء بھی ہوتے ہیں۔ تلوں کو پیس کر اس کا پیسٹ بنا کر توس پر لگا کر شہد ملا کر کھاناڈ پریشن میں بھی مفید ہے۔

آلو بخارا آلو بخارے میں ریشہ بہت ہوتا ہے۔ جست فولاد، پوٹاشیم اور مانع تکسید اجزاء بھی اچھی خاصی مقدار میں ہوتے ہیں۔ اس میں دوسرے خشک میووں کی نسبت حرارے بہت کم ہوتے ہیں۔ صبح دنیا میں آلو بخارے کی چٹنی، شہد اور دار چینی چھڑک لینا صحت بخش ہے۔ جو: جو ایسا ریشہ ہے جو آسانی سے جذب ہو جاتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اسے سوپ کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے۔ ناشتے میں جو کو پھلوں اور میوں کے ساتھ ملا کر کھایا جاتا ہے۔ یہ ایک طاقت بخش ناشتہ ہے۔

ہلدی بلدی کو پیس کر کھانوں میں ڈالا جاتا ہے۔ اس میں مانع تکسید اجزاء ہوتے ہیں۔ یہ فوائد میں اسٹرابیری، رس بیری اور دوسری بیریز کے برابر ہے۔ اسے چاولوں میں ملا کر کھایا جا سکتا ہے۔ ایک پیالہ چاولوں میں چائے کا آدھا چمچ ہلدی ڈالی جاسکتی ہے۔ شور با تیار کرتے وقت بھی ہلدی کو اس میں ڈالا جا سکتا ہے۔


ڈپریشن کب ہوتا ہے․․․؟
جب دماغ کے ایسے حصے جو جذبات و احساسات کو کنٹرول کرنے میں معمول سے کم فعال ہو جائیں،یا ان میں کیمیائی مادوں کا عدم توازن ہو جائے۔ڈپریشن کا سبب ماضی کے تلخ اور ناگوار واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔جس کے باعث کیمیائی ردعمل باقاعدگی اور توازن کو تبدیل کر دیتا ہے۔

ڈپریشن جنم لیتا ہے جو اپنے ساتھ بہت سی خرابیاں لاتا ہے اس میں سب سے اہم طرزِ زندگی اور معمولات کی تبدیلیاں ہیں۔ڈپریشن سے نجات کے لئے کئی جڑی بوٹیوں کا استعمال بھی مفید ہے۔یہ بوٹیاں توانائی بخش بھی ہوتی ہیں جو جسمانی کمزوری دور کرتی ہیں۔
ادرک
ادرک سوزش اور ورم دور کرنے والی بوٹی،اسے درد میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اسے اُبال کر پینے سے غشی دور ہو جاتی ہے اور متلی یا قے بھی رُک جاتی ہے۔
ایشیائی جنسنگ (Asian Ginseng)
یہ بوٹی جسم کو سکون پہنچاتی ہے۔ذہنی دباؤ دور کرنے میں مدد دیتی ہے۔زیادہ کام کرکے تھکان محسوس ہو تو جنسنگ تکان دور کر دیتی ہے۔یہ خواتین کے لئے مفید ہے اور سن یاس کے دور میں انہیں جن مصائب کا سامنا ہوتا ہے،جنسنگ ان کا سدباب کرتی ہے۔

بابونہ (Chamomile)
یہ بوٹی بے خوابی دور کرتی اور گہری نیند لاتی ہے۔ککروندے کی پتیاں (Dandelion Leaves) یہ پتیاں وٹامن سے مالامال ہوتی ہیں۔ان میں فولاد بھی ہوتا ہے۔یہ ان خواتین کے لئے مفید ہیں جن کو دودھ کم آتا ہے۔سونف اور میتھی میں بھی یہ خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
سدا بہار پودینہ (Lemon Balm)
پودینے کو خوش و خرم رکھنے والی جڑی بوٹی بھی کہا جاتا ہے۔

یہ اعصاب کو سکون بخشتی ہے اور پژمردگی دور کرکے آپ کو ہشاش بشاش رکھتی ہے۔
وائی ٹیکس (Vitex)
سن یاس میں اس بوٹی کا استعمال مفید ہے۔


اجمود کھائیے تندرستی پائیے
اجمود (Celery) شلجم کے پودے کی طرح کا پودا ہے،جو ترکاری کے طور پر استعمال ہوتا ہے،اس کے ہرے رنگ کے آپس میں جڑے ہوئے ڈنٹھل کچے یا پکا کر کھائے جاتے ہیں اور کبھی کبھی یہ مسالے کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔

اجمود وٹامن سی کے حصول کا بہت اچھا ذریعہ ہے جو جسم کے مدافعتی نظام کے لئے اہم ہوتی ہے۔اجمود میں ایسے فعال مرکبات ہوتے ہیں جو ڈپریشن پیدا کرنے والے ہارمونز میں کمی کرتے ہیں۔اجمود کیلشیم،پوٹاشیم اور میگنیشیم کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے اور بلڈ پریشر میں کمی کرتا ہے۔اجمود میں ایسے مرکبات بھی پائے جاتے ہیں جو فری ریڈیکلز کو خلیوں کو نقصان پہنچانے سے باز رکھتے ہیں۔اس طرح خلیوں کے سرطان پیدا کرنے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔مذکورہ بالا مرکبات خون کے بعض سفید خلیوں کی فعالیت میں اضافہ بھی کرتے ہیں۔یہ سفید خلیے جسم کے مدافعتی عمل کے محافظ ہوتے ہیں۔

بشکریہ ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ مارچ 2022

Loading