Daily Roshni News

حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے

اسلام آباد : حکومت اور تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت حکومت ٹی ایل پی کے کارکنان و ذمہ داران کے خلاف تمام سیاسی مقدمات واپس لے گی۔

معاہدے کے تحت وزارت داخلہ تحریک لبیک پاکستان سے متعلق خط جاری کرے گی ، جس میں ان امور کی صراحت ہوگی کہ ٹی ایل پی دہشت گرد تنظیم نہیں،ٹی ایل پی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تحت رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، جس پر سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی نہیں، ٹی ایل پی کو دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح مکمل آزادی حاصل ہے۔

معاہدے میں کہا گیا کہ فورتھ شیڈول سے نکالے گئے افراد پر عائد پابندیاں اٹھادی جائیں گی جبکہ ٹی ایل پی کے خلاف پیمرا اور پی ٹی اے کے تمام نوٹی فکیشنز کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے گا۔

طے شدہ معاہدے میں کہا ہے کہ گستاخیوں میں ملوث گستاخان رسول و مقدسات کاغیر جانبدارانہ ٹرائل چلاکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور سزایافتہ ملزمان کی اپیلوں کا فیصلہ بھی اسپیڈی کرایا جائے گا، دو سو پچانوے سی ۔ کے ملزمان پر سیون اے ٹی اے کا اطلاق بھی کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت سوشل میڈیا پر گستاخانہ اور غیر مہذب مواد ہٹانے کے لئے فلٹریشن نظام لگایا جائے گا جبکہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے وزارت خارجہ تین روز میں امریکی حکومت کو خط لکھے گی۔

اس کے علاوہ روپے کی قدر میں بہتری، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف کیلئے اقدامات کئے جائیں گے اور اردو کو بطور سرکاری و دفتری زبان مزید ترویج دی جائے گی۔

معاہدے پر عملدرآمد کے لئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ، ٹی ایل پی چار نام دے گی جبکہ حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ و انفارمیشن ٹیکنالوجی،پی ٹی اے،ایف آئی اے اور صوبائی محکمہ داخلہ کے نمائندے ہوں گے۔

Loading