ذہین عورت کو محبت نہیں کرنی چاہیے ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )یا پھر اس جملے کو اس طرح لے لیں کہ ذہین عورت سے محبت نہیں کرنی چاہیے ۔۔۔
یہ وصل کے خوابیدہ لمحوں میں بھی اپنی ایک آنکھ کو ہجر کے وسوسے سے جگائے رکھتی ہے ، یہ عشق و محبت کے دعووں پہ آنکھیں بند کر کے یقین کرنے کے بجائے لہجوں کو پرکھتی ہوئی عمل پہ نظر رکھے گی ۔۔
آپ اسکی آنکھوں کو اپنی ہتھیلی سے ڈھانپ کے شرارت نہیں کر سکتے اس کا ردعمل چوکنی ہرنی جیسا ہو جائے گا ۔۔ یہ چاند میں محبوب کا چہرہ دیکھ کر گیت نہیں بُنے گی کہ اماوس کی رات کا علم اسے مرثیے لکھنے پہ مجبور کر دے گا ۔ آپ اس کو عنایات کی بخشش سے جیت نہیں پائیں گے ۔۔۔اس کے دل تک رسائی کا ذریعہ گولڈ اور ڈائمنڈ کی جیولری نہیں ہوگی ۔۔ محبت چاند تارے توڑ لانے یا فلک کے پار چلنے کے بے وقوفانہ گفتگو پہ یہ پلکیں جھپکاتی شاید مسکرا دے لیکن یہ مسکراہٹ آسانی سے ہضم ہونے والی نہ ہوگی ۔۔۔
آپ اسے دعووں سے وقتی طور پہ متاثر تو کر سکتے ہیں لیکن اس کو ہمیشہ کے لیے بہلاؤں کی نیند نہیں سلا سکتے ۔۔ وہ آپکے الفاظ پہ یقین کر لے تو اعمال میں ان الفاظ کی شمولیت کی کھوج میں لگ جائے گی اور جو دعویٰ محض زبانی کلامی ہوئے تو پھر آپ اپنی محبت سے اس میں گرمجوشی کبھی پیدا نہیں کر سکیں گے ۔
ذہین عورت سے محبت کرنے کے لیے محض گفتار کا غازی ہونا کافی نہیں ۔۔ عورتوں کی یہ قسم کمبخت نہ خوش ہوتی ہے نہ خوش ہونے دیتی ہے۔۔
انتخاب مرہم یوسف