رسول محتشم ﷺکی اس دنیا میں تشریف آوری
ہم سب مومنوں کی اصل عید ہے ، دیگر عیدیں
آپ ہی کے صدقے سے ہیں ۔ جاوید عظیمی
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی)باعث تخلیق کائنات ،خاتم الانبیاء ، سید المرسلین ، احمد مجتبےٰ محمد مصطفےٰﷺ کی ولادت پاک کا بابرکت مہینہ ماہ نور ربیع الاول کا آغاز ہو چکا ہے۔اس نورانی مہینے میں پاکستان سمیت دنیا بھر کی مساجد اور اسلامی مراکز میں میلاد النبیﷺ کی تقریبات مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منعقد کی جاری ہیں۔ عاشقان رسول متذکرہ تقریبات میں شریک ہو کر نبی رحمتﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان بابرکت ساعتوں میں علمی، ادبی روحانی سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران محمد جاوید عظیمی نے گزشتہ روز میڈیا کے مندوبین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وجہ تخلیق کائنات ، خاتم الانبیاء سید المرسلین ، احمد مجتنےٰ محمد مصطفےٰﷺ کی اس دنیا میں تشریف آوری ولادت پاک ہم سب مومنوں کے لئے اصل عید ہے ۔ اس لئے اس پر ہمیں والہانہ خوشی کا اظہار کرنا چاہیے۔ جاوید عظیمی نے اپنی گفتگو کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ عید الفطر اور عید الاضحیٰ یہ عیدین ہمیں رسول محتشم ﷺ کےصدقے ہی سےملی ہیں اس لئے ہمیں میلاد النبی ﷺ تقریبات کو جشن کی صورت میں منعقد کر ناچاہیے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ہمیں آپ کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونا چاہے ۔گفتگو کے آخری مرحلے میں جاوید عظیمی نے تمام عاشقان رسول کو نبی رحمتﷺ کی ولادت پاک کی صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعائیہ کلمات میں کہا کہ اللہ تعالٰی اپنے فضل و کرم سے ہمیں رسول محتشمﷺ کی تعلیمات پر بھی عمل کرنے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں ۔آمین ثمہ آمین۔