ہالینڈ، سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے یوم تاسیس پر روحانی محفل
منعقد ہوئی ، روزانہ دس منٹ اسم ذات اور دروودشریف کو
زندگی کا حصہ بنا لیں، آصف کمالی – کتاب حال سفر ہمیں
روحانی علوم اور نسبتوں کے اسرار و رموز کا ادراک کرنے
کے لئے بیدار کرتی ہے ، محمد جاوید عظیمی کا خطاب
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ نمائندہ خصوصی)گزشتہ روز بروز منگل 8 اپریل سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے یوم تاسیس کے موقعہ پر مذکورہ روحانی سلسلے سے وابستہ آصف جاوید کمالی نے اپنے مرشد اور سلسلے کے بانی حضرت فقیر پروفیسر باغ حسین کمال ؒ کی روحانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں اپنی رہائش گاہ پر روحانی محفل کا انتظام و انصرام کیا متذکرہ روحانی محفل میں علمی، ادبی اور روحانی سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول مراقبہ ہاں ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمی نے خصوصی شرکت اور خطاب بھی کیا۔ اس بابرکت تقریب کا آغاز اللہ تعالٰی کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید کی تلاوت آصف کمالی کے صاحبزادے احمد کمالی نے کیا۔ بعد ازاں بارگاہ رسالت ماب ﷺمیں محبت و عقیدت کے ساتھ د درود شریف اجتماعی طور پر مترنم آوازوں میں پیش کیا ۔ آصف کمالی نے اپنے خطاب میں سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے بانی اورمرشد حضرت پروفیسر کے باغ حسین کمال ؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپؒ کو مسلمانوں میں سب سے زیادہ د رودشریف پڑھنے کا اعزاز حاصل ہے۔ آصف جاوید کمالی نے ایک موقعہ پر کہا کہ سلسلہ کمالیہ ہر فرد کو عالم برزخ کے اولیاء سے فیوض و برکات حاصل کرنے کی راہ دکھاتا ہے، اور رسول محتشمﷺ کی عطا کردہ تعلیمات کی روشنی میں سالک کو راکٹ کی رفتار سےمنازل سلوک طے کرنے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔آصف کمالی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کم از کم دس منٹ ذکر اسم ذات اور درود شریف کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں، کیونکہ یہی اس سلسلے کی امتیازی پہچان ہے ۔ سلسلہ عظیمیہ کے روحانی اسکول مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران محمد جاوید عظمی نےحاضرین اور آن لائن پر موجود شرکائے تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے آصف کمالی کا انتہائی ممنون ہوں کہ انہوں نے مجھے اس بابرکت محفل میں خصوصی طور پر مدعو کیا ، جاوید عظیمی نے سلسلہ اویسیہ کمالیہ کے بانی حضرت پروفیسر باغ حسن کمال ؒکے درجات میں بلندی کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوبصورت مختلف پھولوں کا باغ ہے اس کی نگہبانی، پاسبانی اور آبیاری کے لئے باکمال ہونا ضروری ہے ، متذکرہ صلاحیتوں سے معمور بندہ کمالی کہلاتا ہے ۔ درود شریف کی اہمیت اور فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے جاوید عظیمی نے کہا کہ درود شریف ایسا عمل ہے جو اللہ تعالی ٰ پہلے خود اور پھر اس کے فرشتے بھی کرتے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ نے درود شریف پڑھنے کے لئے مومنوں کو بھی تاکید کی ہے ایک موقعہ پر جاوید عظیمی نے کہا حضرت جی کی تالیف حال سفر ہمیں روحانی علوم اور نسبتوں کے ادراک کے لئے رہنمائی کرتی ہے ۔ جاوید عظیمی نے مزید کہا ظاہر فانی ہے جب کہ باطن باقی رہنے والا ہے جن بندوں نے بھی روحانی علوم اور روحانی معاملات کو ترجیح دی وہ باکمال ہو گئے ۔ بعد ازاں آصف جاوید کمالی نےختم خواجگان پڑھ کر اجتماعی دُعا کرتے ہوئے مرشدپروفیسر حضرت حسین کمال ؒکے درجات میں مزید بلندی عالم اسلام اور حاضرین کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں ۔ اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر کمالی سے کی گئی۔