“شبِ یلدا”
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )آج سال کی سب سے طویل رات ہے ۔ فارسی تہذیب میں اس رات کو “شب یلدا” کہا جاتا ہے
ایران میں ” شب یلدا” ایرانی مہینے بنام ” آذر ” کی آخری رات ( 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی رات )، سردیوں کی پہلی رات اور سال کی سب سے لمبی رات کو کہا جاتا ہے ۔ اس رات کو ایرانی تاریخ و ثقافت میں بڑی اہمیت حاصل ہے اور اسے ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس موقع پر خاندان کے سب ہی افراد، گھرانے کے سب سے بزرگ شخص جیسے دادا، دادی، یا نانا، نانی کے گھر جمع ہوتے ہیں اور رات کا بیشتر حصہ گفتگو بات چیت، ماضی کی اچھی یادوں ، قصوں، کہانیوں، داستانوں اور بیت بازی وغیرہ میں بسر کرتے ہیں۔ بزرگ حضرات حافظ کے شعر، گلستان سعدی، اور فردوسی کے شاہنامہ سے کہانیاں پڑھ کر سناتے ہیں۔ مہمانوں کی تواضع خشک میووں اور اسی طرح انار، تربوز اور دوسرے میووں سے کی جاتی ہے۔
قدیم ایرانی تہذیب میں شب یلدا کو تاریکیوں کے مقابلے میں روشنی کی فتح کا تہوار قرار دیا جاتا ہے۔ قدیم ایرانیوں کا کہنا تھا کہ شب یلدا کے بعد جب سورج طلوع ہو گا تو اس کے ساتھ ہی دن کے بڑھنے کا عمل بھی شروع ہو گا۔ اسی لئے لوگ اس رات دیر تک جاگ کر جشن مناتے ہیں۔
منقول