Daily Roshni News

غزل۔۔۔(مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم )

غزل

(مفتی تقی عثمانی دامت برکاتہم )

محبت کیا ہے ؟،دل کا درد سے معمور ہو جانا

متاعِ جاں کسی کو سونپ کر مجبور ہو جانا

ہماری بادہ نوشی پر فرشتے رشک کرتے ہیں

کسی کے سنگِ در کو چومنا مخمور ہو جانا

قدم ہیں راہِ اُلفت میں تو منزل کی ہوس کیسی

یہاں تو عین منزل ہے تھکن سے چُور ہو جانا

یہاں تو سر سے پہلے دل کا سودا شرط ہے یارو

کوئی آسان ہے کیا سرمد و منصور ہوجانا

بَسا لینا کسی کو دل میں دل ہی کا کلیجا ہے

پہاڑوں کو توبس آتا ہے جل کر طور ہوجانا

نظر سے دور رہ کر بھی تقؔی وہ پاس ہیں میرے

کہ میری عاشقی کو عیب ہے مہجور ہوجانا

Loading