Daily Roshni News

غزہ میں اسرائیلی حملے طویل مدتی نتائج کا باعث بن سکتے ہیں: اوباما

امریکا کے سابق صدر  براک ا وباما نے اسرائیل کو خبردار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں کارروائیاں طویل مدتی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت پر سابق صدر براک اوباما نے کہا کہ حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں غزہ میں پانی اور کھانا بند کرنے سے نہ صرف فلسطینیوں کے رویے مزید سخت ہو جائیں گے بلکہ اس سے اسرائیل کی بین الاقوامی حمایت بھی کمزور  پڑ جائے گی۔ 

اوباما نے یہ بھی کہا کہ انسانی جانوں کی قیمتوں کو نظر انداز کرنے کی اسرائیل فوج کی حکمت عملی انہیں الٹا جواب دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے اب تک 5 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور  مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے ال آہلی اسپتال پر میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے  مزید اسپتالوں پر بمباری کی دھمکی دی ہے اور اسپتال خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو میں فلسطینی ہلال احمرکی ترجمان نیال فرسخ نے بتایاکہ اسرائیلی فوج مسلسل غزہ پٹی کے اسپتالوں کو خالی کرانے کی وارننگ دے رہی ہے اور اسرائیلی طیارے غزہ کے اسپتالوں کے بالکل قریب بمباری کر رہے ہیں۔

Loading