غزہ کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے حملے تیز ہو گئے اور صیہونی فوج نے دو دہائیوں کا سب سے بڑا فوجی آپریشن کرتے ہوئے دو روز کے دوران 12 فلسطینیوں کو شہید اور 20 سے زائد کو زخمی کر دیا۔
فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنین، طولکرم اور طوباس میں آپریشن کر کے 12 فلسطینیوں کو شہید کیا، صیہونی فوج کے حملوں میں 20 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائی کے بچوں سمیت 20 فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں بھی ایک گھر پر اسرائیلی بمباری سے ایک فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوٹریس نے اسرائیل سے آپریشن فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ انسانی حقوق کے ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ مغربی کنارے میں آپریشن سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کا ناحق قتل اور جبری انخلا بڑھ رہا ہے۔
یورپی یونین نے بھی مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے فوجی آپریشن پر اظہار تشویش کیا ہے جبکہ امریکا نے اسرائیل سے عوام کی جانیں محفوظ بنانے پر زور دیا ہے۔
عالمی ادارہ برائے خوراک نے امدادی قافلے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام کی دو گاڑیوں کو متعدد اسرائیلی اتھارٹیز سے اجازت کے باوجود اسرائیلی فوجیوں نے چیک پوسٹ کے قریب براہ راست گولیوں کو نشانہ بنایا، عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں عملے کی نقل و حرکت روک دی ہے۔
ادھر اسرائیل حماس جنگ کے بعد پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔