سوشل میڈیا پر اپنی انوکھی گلوکاری سے وائرل ہونے والے چاہت فتح علی خان نے ایک تقریب کے موقع پر اداکارہ مہوش حیات سے نامناسب رویہ اختیار کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے۔
برطانیہ میں مقیم سوشل میڈیا پر مقبول چاہت فتح علی خان کو حال ہی لندن میں منعقد ہونے والے پاکستانی ایوارڈ شو میں بطور مہمان مدعو کیا گیا۔
مذکورہ ایوارڈ شو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں انہیں اسٹیج پر اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ اسٹیج پر موجود احمد علی بٹ اور احسن خان مسلسل چاہت فتح علی خان کو روکنے کی کوشش کرتے رہے۔
ہوا کچھ یوں کہ دورانِ شو اداکارہ مہوش حیات خان اور چاہت فتح علی خان کو اسٹیج پر مدعو کیا گیا، ان کے ہمراہ اسٹیج پر احمد علی بٹ اور احسن خان بھی موجود تھے، انہوں نے چاہت فتح علی سے پرفارمنس کی درخواست کی۔
احمد علی بٹ کی درخواست میں چاہت فتح علی نے مہوش سے کہا ‘یہ خاص طور پر آپ کے لیے ہے’، پھر اپنے مخصوص انداز میں گانا گانا شروع کیا تو مہوش حیات ان کے انداز پر مسکرانے لگیں، اداکارہ کو مسکراتا دیکھ کر گلوکار نے ان سے مزید بے تکلف ہونے کی کوشش کی۔
چاہت فتح علی خان گانا گاتے ہوئے مہوش کی جانب منہ کرکے کھڑے ہوگئے جس پر احمد علی بٹ نے فوراً کہا کہ کیمرہ پیچھے کی طرف ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو صارفین کو زیادہ پسند نہ آئی، وہ اداکارہ سے چاہت فتح کی غیر رسمی گفتگو پر سیخ پا ہوگئے اور وائرل ویڈیو پر مختلف کمنٹس کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی پی پی اے ایوارڈز کی تقریب میں حبا بخاری، عدنان صدیقی، مہوش حیات، حمائمہ ملک، عتیقہ اوڈھو، احسن خان، ہانیہ عامر، عائشہ عمر اور یشما گل سمیت کئی نامور پاکستانی اداکاروں نے شرکت کی اور جلوے بکھیرے۔