Daily Roshni News

مخصوص نشستوں کا معاملہ، بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کی وضاحت پر اطمینان کا اظہار کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہرخان نے مخصوص نشستوں کے کیس میں فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ کی وضاحت پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمیں خوشی ہوئی، سپریم کورٹ ججز کی وضاحت سے امید ہے آئین کی بالادستی ہو گی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد اب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا آئین کی بالادستی کیلئے کردار اہم ہے، سپریم کورٹ کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن فوری طور پر پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں دے۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، جوابات دیے گئے ہیں، لہٰذا مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔

سپریم کورٹ نے اپنی دوسری وضاحت میں کہا کہ الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترمیم کا اثر ہمارے فیصلے کو ماضی میں لاگو کرنے کی اجازت نہیں دیتا، رجوع کا حق اس لیے دیا تھا کہ مختصر حکمنامے پر عملدرآمد میں کوئی پریشانی نہ ہو، اب تفصیلی فیصلہ جاری ہو چکا ہے، لہٰذا اب کسی وضاحت کی ضرورت نہیں رہی، تفصیلی فیصلے میں تمام تر قانونی و آئینی نکات کا احاطہ کردیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کا آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت لازم نفاذ ہے اور اسے نافذ کیا جانا چاہیے تھا۔

Loading