اماراتی کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر ٹاپ آرڈر بیٹر عثمان خان پر 5 سال کی پابندی عائد کردی ہے۔
یو اے ای کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عثمان خان نے ای سی بی سے غلط بیانی کی اور سہولیات کا فائدہ اٹھایا، وہ یو اے ای سے کھیلنے کے پابند تھے لیکن اب وہ ایسا نہیں کر رہے ۔
ای سی بی نے عثمان خان کو سالانہ کنٹریکٹ بھی دیا تھا جبکہ حال ہی میں ہونیوالے آئی ایل ٹی ٹوئنٹی میں وہ امارات کے لوکل پلیئر کے طور پر کھیلے تھے ۔
امارات کرکٹ بورڈ کے مطابق عثمان خان نے اس کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں وہ اب یو اے ای بورڈ کے تحت ہونیوالے کسی بھی ایونٹ میں 5 سال تک شرکت نہیں کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ عثمان خان نے بطور اوور سی پلیئر پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے عثمان خان کو پاکستان ٹیم کے کیمپ میں شامل کیا تھا۔
پاکستان کیمپ میں آنے کے بعد عثمان خان نے یو اے ای کو معاہدہ ختم کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔