*منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان نے ماہر اسلامی قانون ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی شہرہ آفاق کتاب کا یونانی زبان میں ترجمہ *
یونان : (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔نمائندہ خصوصی )*ایتھنز، یونان:* منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی معروف کتاب *”دستور مدینہ اور فلاحی ریاست کا تصور”* کا یونانی (گریکی) زبان میں ترجمہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کتاب پہلے ہی عربی، اردو اور انگریزی زبانوں میں شائع ہوچکی ہے اور اب جلد ہی یونانی زبان میں بھی دستیاب ہوگی۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان *ارسلان خرم چیمہ* اور امیر تحریک *غلام مرتضیٰ قادری* کی نگرانی میں اس کتاب کے ترجمے کی ذمہ داری *مسٹر جارج پروسٹوس* کو سونپی گئی ہے۔ اس تاریخی موقع پر *سید محمد جمیل شاہ* بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اقدام کو بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی تعلیمات کے عالمی فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
یہ کتاب مدینہ منورہ کے پہلے تحریری آئین *”میثاق مدینہ”* کی روشنی میں ایک مثالی فلاحی ریاست کے تصور کو واضح کرتی ہے۔ اس کے یونانی ترجمے سے یونان اور یورپ میں اسلامی قانون اور ریاستی نظام کے حوالے سے بہتر تفہیم پیدا ہوگی۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے ترجمان چوہدری انصر اقبال بسراء نے کہا کہ یہ اقدام ڈاکٹر طاہر القادری کی بین الاقوامی سطح پر دینی و فکری خدمات کا تسلسل ہے، جس کا مقصد اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے۔
کتاب کے یونانی ایڈیشن کی طباعت و اشاعت جلد مکمل ہوگی، جس کے بعد یہ یونان اور دیگر یورپی ممالک میں علمی و دینی حلقوں میں دستیاب ہوگی۔