منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکزی اسلامک سنٹر ایتھنز میں بسلسلہ شکرانہ نعمت رمضان محفل نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا،
ایتھنز : یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔ انصر اقبال بسراء )محفل نعت ایک بہت بڑی عبادت اور اللہ کی رضا کی تلاش کا ذریعہ ہے اور اس کا مقصد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت اور ان کی سنتوں کو اپنی زندگی میں اپنانا ہے۔علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام مرکزی اسلامک سنٹر ایتھنز میں بسلسلہ شکرانہ نعمت رمضان محفل نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت کلام الٰہی سے ہوا، جس کے بعد ثنا خوانوں نے آقا دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہِ اقدس میں اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ محفل میں شرکاء نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ گرامی پر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین، علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے کہا کہ رمضان المبارک کی عبادات اور روحانی فیوضات کا تسلسل صرف ایک مہینے تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ہمیں رمضان کے بعد بھی اپنی عبادات، وظائف، صدقات اور روحانی عمل کو جاری رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے ختم ہونے کے ساتھ ہمیں اپنی روحانیت کو ختم نہیں ہونے دینا چاہیے۔ علامہ ہزاروی نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی علمی خدمات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کے کردار کو امت مسلمہ کے لیے نمونہ قرار دیا۔ صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان، ارسلان خرم چیمہ نے محفل کے تمام شرکاء، انتظامیہ اور امام حضرات کا رمضان المبارک اور عید الفطر کے اجتماعات پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شرکاء نے کھڑے ہو کر آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر دورود و سلام پڑھا اور محفل کے اختتام پر امت مسلمہ کی فلاح و بہبود، خاص طور پر کشمیر، فلسطین اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔