Daily Roshni News

مہدی حسن سے پہلے۔۔۔مہدی حسن کے بعد

مہدی حسن سے پہلے

مہدی حسن کے بعد

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )پاک و ہند میں غزل گائیکی کو دو حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے

مہدی حسن سے پہلے

مہدی حسن کے بعد

یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم نے مہدی حسن کا وہ لگ بھگ پورا دور دیکھا ہے جب وہ پاک و ہند میں غزل کا رنگ ہی تبدیل کر رہے تھے۔

ایسا نہیں کہ مہدی حسن سے پہلے غزل گائی نہیں جا رہی تھی ریکاڈڈ ہسٹری بھی دیکھیں تو کئی نامور لوگ غزل گا رہے تھے

برکت علی خان،زہرہ بائی انبالے والی،بیگم اختر،مختار بیگم جیسے کلاسیکل موسیقی پر عبور رکھنے والے غزل بھی گا رہے تھے اور ٹھمری بھی۔

ایسے میں مہدی حسن کا ظہور ہوا جس کے بعد غزل گائیکی نے جو عروج دیکھا وہ بے مثال ہے۔

مہدی حسن غزل میں پورا پورا کلاسیکل میوزک لے آیا مگر اس نے بڑی خوبی سے یہ کام کیا کہ جس چیز کی جتنی ضرورت تھی اسی قدر چیز اس نے کلاسیکی موسیقی سے اٹھائی اور اسے غزل گائیکی میں شامل کیا۔

جتنی ٹھمری چاھیے تھی وہ شامل کی۔

جتنے تان پلٹے تھے وہ لیے

جتنی گمک درکار تھی وہ ملائی مگر یہ سب کچھ اس خوبی سے کیا کہ نہ تو بول کو بوجھل ہونے دیا اور نہ ہی تلفظ کو تانوں کے تابع ہونے دیا ۔

غزل میں مہدی حسن جیسا تلفظ آپکو کسی اور غزل گائیک میں نظر نہیں آئیگا۔

مہدی حسن نے غزل کے بول کی تکرار بھی کی تو اس انداز میں کہ سننے والے کی تشنگی مزید بڑھتی جائے۔

مہدی حسن غزل گائیکی کا وہ روشن ستارہ ہے کہ نہ صرف اسکا عہد بلکہ آنیوالے غزل گائیک بھی مہدی حسن کے اثر سے باہر نہیں آ سکتے۔۔

بس ایک بات ایسی ہے جس کا نقصان ہوا اور وہ یہ کہ اب ہم کسی بھی غزل گائیک میں مہدی حسن تلاش کرنے لگ جاتے ہیں جو کہ شاید ممکن ہی نہیں تو اسطرح اچھا گانے والوں کو بھی گاہے ہماری نظر میں وہ اہمیت نہیں مل پاتی جو اسکا حق بھی ہوتا ہے۔

آپکی نظر میں موجودہ دور میں اچھی کلاسیکل غزل کون گا رہا ہے؟

ناصر بٹ

Loading