Daily Roshni News

نظر بد یا فریب نظر۔۔۔تحریر۔۔۔حمیرا علیم

نظر بد یا فریب نظر

تحریر۔۔۔حمیراعلیم

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نظر بد یا فریب نظر۔۔۔تحریر۔۔۔حمیرا علیم)سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی زندگی اور حقیقی زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔اب تو یہ حقیقت بہت سے ایکٹرز یو ٹیوبرز اور وی لاگرز نے بھی بتا دی ہے مگر اکثریت پھر بھی انہیں آئیڈلائز کرتی ہے۔آج انٹرنیٹ پر دوبئی سے تعلق رکھنے والی  مشہور  یوٹیوبر جوڑی سلامہ اور خالد کی طلاق کی خبر دیکھی تو بہت دکھ ہوا۔ان کی ویڈیوز میں یہ جوڑا ہمیشہ بہت خوش باش اور ایک دوسرے سے بے حد محبت کرنے والا نظر آتا تھا۔مگر کہتے ہیں نا کہ قبر کا حال تو مردہ ہی جانتا ہے۔ وجوہات تو انہوں نے نہیں بتائیں مگر ان کی باتوں سے محسوس ہوتا ہے کہ ان کے شوہر ویسے نہیں تھے جیسے سوشل میڈیا پر اپنے آپ کو پیش کر رہے تھے۔

    بشری انصاری ایک منجھی ہوئی اداکارہ ہیں ان کی بہنیں نیلم بشیر اور اسماء عباس بھی بہت سلیقہ شعار اور ہر فن مولا ہیں۔ ان کی باتیں سن کر وی لاگز دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ ایک بے حد خوش حال اور آئیڈیل زندگی گزار رہی ہیں مگر جب ان کے حالیہ انٹرویوز دیکھے تو اندازہ ہوا کہ وہ بھی عام پاکستانی عورتوں کی سی ہیں۔بشری صاحبہ نے 36 سال بعد علیحدگی اختیار کر لی۔نیلم بشیر نے بھی شوہر سے راہیں الگ کرنے میں عافیت سمجھی ۔جب کہ اسماء عباس نے صبر یعقوب کی مثال پیش کرتے ہوئے شوہر کے ہرجائی پن اور دیگر عادت بد کو برداشت کیا اور کر رہی ہیں۔بظاہر ہنستی کھیلتی زندہ دل ہستیاں بھی زندگی کی مختلف آزمائشوں سے دوچار ہوتی ہیں مگر واویلا مچانے کی بجائے مثبت انداز فکر اور طرز عمل اختیار کر کے زندگی کو آئیڈیل بنا لیتی ہیں۔

     کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ان جوڑوں کو نظر لگ گئی ہے اس وجہ سے ان میں علیحدگی ہو گئی۔نظر بد ایک حقیقت ہے

“اوربیشک کافر جب قرآن سنتے ہیں تو ایسے معلوم ہوتا ہے کہ گویا اپنی آنکھوں سے نظر لگا کر تمہیں ضرورگرادیں گے اور وہ کہتے ہیں :یہ ضرور عقل سے دور ہیں  ۔” القلم 51

“حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نبی کریم ﷺ سے نقل کرتے ہیں کہ آپ ﷺ نے فرمایا : نظر بد حق ہے، یعنی نظر لگنا ایک حقیقت ہے اگر تقدیر پر سبقت لے جانے والی کوئی چیز ہوتی تو وہ نظر ہی ہوتی اور جب تم سے دھونے کا مطالبہ کیا جائے تو تم دھو دو ۔ “مسلم 1719 باب الطب

(یعنی جس کی نظر لگی ہو اس کے وضو کے پانی کو جسے نظر لگی ہو اس پر ڈالا جائے تو نظر ختم ہو جاتی ہے۔)

 صحیح مسلم میں ہے کہ حضور اکرمؐ نے فرمایا:

’’نظر لگنا حق ہے اگر کوئی چیز تقدیر سے سبقت کرنے والی ہے تو وہ نظر بد ہے۔”زائد البزار 403 

اور یہ بھی سچ ہے کہ یہ جوڑے نظر بد کا شکار ہوئے۔لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ پہلو بھی دیکھنا چاہیے کہ اگر یہ اپنی زندگیوں کو بہت خوش گوار نہ دکھاتے تو اس بد نظری کا شکار بھی نہ ہوتے۔اس لیے سب کو یہ دو اہم باتیں ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ سوشل میڈیا پر سب حقیقی نہیں۔اس کے حصول کی خاطر اپنی زندگیاں جہنم مت بنائیے اور اپنے نجی معاملات کو دنیا کے سامنے آشکار مت کیجئے کیونکہ دس لوگ دعا دیں گے تو دو حسد بھی کریں گے۔

Loading