Daily Roshni News

نکی ہیلی ری پبلکن پارٹی کی ریاستی پرائمری جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ری پبلکن پرائمری میں صدارتی حریف اور جنوبی کیرولینا کی سابق گورنر نکی ہیلی نے ہرا دیا جس کے بعد وہ ری پبلکن پارٹی کی ریاستی پرائمری جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

نکی ہیلی نے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والے ری پبلکن پرائمری انتخابات میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دی۔

نکی ہیلی کی ری پبلکن صدارتی امیدوار بننے کی مہم میں سابق صدر ٹرمپ پر یہ ،ان کی پہلی فتح ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق نکی ہیلی نے 62.9 فیصد اور ٹرمپ نے 33.2 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ 

واضح رہے کہ نکی ہیلی اپنی آبائی ریاست جنوبی کیرولینا میں ہار گئی تھیں لیکن اب وہ امریکی تاریخ میں کوئی بھی ریاستی ری پبلکن پرائمری جیتنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

البتہ سابق صدر ٹرمپ کو اب بھی نکی ہیلی پر واضح برتری حاصل ہے۔ ویسے بھی امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی روایتی طور پر ڈیموکریٹ جھکاؤ والا شہر ہے، جس میں صرف 23ہزار رجسٹرڈ ری پبلکن ارکان ہیں۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق نومبر کے صدراتی انتخابات میں جو بائیڈن کا مقابلہ ٹرمپ سے متوقع ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا ہے۔

گزشتہ روز امریکی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں انتہائی اہم آئینی فیصلہ سنا یا جس کے تحت امریکی ریاستیں ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی امیدوار بننے سے نہیں روک سکتیں، اس طرح نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لینےکے لیے ٹرمپ کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔

Loading