شمالی غزہ میں القسام کے حملے میں تباہ ہونے والے جدید ترین اسرائیلی ٹینک کی تصاویر سامنے آگئیں۔
شمالی غزہ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہے جہاں اسرائیلی فوج نے ہر قسم کی امداد کے داخلے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
ساتھ ہی اسرائیلی فوج کی جانب سے اسپتالوں اور بے گھر فلسطینوں کی کیمپوں پر بدترین بمباری بھی کی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ کے علاقوں میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ساتھ بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں جن میں اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔
اب پہلی مرتبہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں سے اسرائیلی ٹینک کو ہونے والے نقصان کی تصاویر سامنے آئی ہیں۔
شمالی غزہ میں موجود الجزیرہ کے صحافی انس الشریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر شمالی غزہ میں ایک ایسے مقام کی تصاویر شیئر کی ہیں جہاں ایک اسرائیلی ٹینک فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے کی زد میں آیا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے کی شدت سے ٹینک کی ٹَریٹ (توپ) ٹینک سے الگ ہوچکی ہے جبکہ ٹینک کا نچلا حصہ بھی دھماکے سے تباہ ہوگیا ہے۔
سوشل میڈیا تبصرے کرتے ہوئے صارفین کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ تصاویر میں نظر آنے والا ٹینک اسرائیل کا جدید ترین مرکاوا ایم کے 4 ٹینک ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بھی شمالی غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی خبر دی جارہی ہے اور اکثر واقعات میں فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ ان کے ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں پر ٹینک شکن میزائل لگنا بتائی جاتی ہے۔