Daily Roshni News

نیوزی لینڈ کیخلاف شاہین کو آرام دیا جائیگا؟ سلیکٹرز کی کپتان سے مشاورت آج ہوگی

نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی آج کپتان بابر اعظم سے کاکول میں مشاورت شروع کرے گی۔

 ذرائع کے مطابق آج کپتان کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے بھی ملاقات ہوگی، اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف روٹیشن پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے اعلان کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی جو ان دنوں کاکول میں ہی موجودہے گزشتہ روز وائٹ بال ٹیم کے کپتان بننے والے بابر اعظم سے آج مشاورتی عمل کا آغاز کرے گی۔

سلیکٹرز آج کاکول میں چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کریں گے اور فٹنس کیمپ کے حوالے سے فیڈ بیک دیں گے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچ میچز کی سیریز کے لیے 17 سے 18 کھلاڑیوں کو اعلان جلد کیا جائے گا، ان ہی میں سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان ہو گا ۔ 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈز کے اعلان کی ڈیڈ لائن یکم مئی ہے ، 25 مئی تک اسکواڈز میں تبدیلی کی جا سکے گی اس کے بعد آئی سی سی کی اجازت درکار ہو گی ۔

کیویز کیخلاف سیریز میں روٹیشن پالیسی کو اپنایا جائے گا: ذرائع

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں روٹیشن پالیسی کو اپنایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو آزمایا جا سکے اور خاص طور پر فاسٹ بولروں کو آرام فراہم کیا جا سکے ۔ 

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو روٹیشن پالیسی کے تحت کھلایا جائے گا، شاہین آفریدی سمیت کھلاڑیوں کو آرام کی غرض سے روٹیشن پالیسی پر اجلاس میں بات ہو گی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پاکستان پہنچ رہی ہے، سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا۔

Loading