نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
پانچ میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے لیے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔
بابر اعظم کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں 2 نئے کھلاڑی عثمان خان اور عرفان خان نیازی کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عماد وسیم اور محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوگی جب کہ 5 ریزرو کھلاڑی بھی اس سیریز میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے خود کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے دستیاب ہونے کا اعلان کیا تھا، عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال نیوزی لینڈ ہی کے خلاف راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کی تھی۔
عماد وسیم66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 486 رنز بنانے کے علاوہ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
محمد عامر کی واپسی:
محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا، محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
بابراعظم ( کپتان ) ، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان ، عرفان خان نیازی، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر، فخرزمان اور ابرار احمد
ریزرو کھلاڑی:
ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ مضبوط کامبی نیشن تیار ہوسکے، سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ ہے۔
عرفان نیازی کا کہنا ہے کہ پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل ہونے کی خوشی ہے، پوری توجہ بہترین پرفارمنس پر ہوگی، ملنے والے موقع سے پورا پورا فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔
عثمان خان کا کہنا ہے کہ اس بات کی خوشی ہے کہ سلیکٹرز نے مجھے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں موقع دیا ہے، کسی بھی کھلاڑی کے لیے یہ فخر کی بات ہوتی ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرے۔
بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ عثمان اور عرفان نے اپنی عمدہ کارکردگی سے ٹیم میں جگہ بنائی ہے، یقین ہے کہ یہ دونوں کھلاڑی کپتان اور سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔