Daily Roshni News

وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

وزیر اعظم کے ساتھ ان کی ٹیم بھی چین روانہ ہوئی جس میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال ،محمد اورنگزیب،مصدق ملک سمیت چیئرمین ایف بی آر بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم چین کی خصوصی دعوت پر4 سے 8 جون تک چین کا دورہ کر رہے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم کا دورہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے کیلئے اہمیت کا حامل ہے، وزیرِ اعظم اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں چینی شہر شینزن جائیں گے اور وہاں بزنس فورم میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیرِ اعظم شینزن میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جبکہ وزیراعظم دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ جائیں گے، جہاں چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوگی جبکہ چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، وزیرِاعظم بیجنگ میں مختلف کمپنیوں کے سربراہاں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے اور عوامی یادگار کا دورہ بھی کریں گے۔

وزیرِاعظم دورہ چین کے آخری مرحلے میں چینی شہر شیان میں مقامی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور چینی ماڈل فارمز و گرین ٹیکنالوجی کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے روانگی سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن لاہور میں اجلاس ہوا جس میں دورہ چین سے متعلق امور پر غور کیا گیا۔

Loading