وطن اور محبت
تحریر۔۔۔ انصر اقبال بسراء
ایتھنز (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ وطن اور محبت ۔۔۔ تحریر۔۔۔ انصر اقبال بسراء)یونان جب بھی سرزمینِ پاکستان کو کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے، میرے دل میں ایک تڑپ جاگ اٹھتی ہے، ایک بے قراری جو شاید ہر اس پاکستانی کے دل میں ہوتی ہے جو وطن سے دور ہو کر بھی دل سے جُڑا ہوا ہے۔ پاک بھارت حالیہ کشیدگی نے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو بڑھایا ہے بلکہ ہر محب وطن پاکستانی کے جذبات کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔
میرے لیے وطن صرف ایک خطہ نہیں، یہ میری پہچان، میری ماں، میرا غرور اور میری دعا ہے۔ یہاں کے در و دیوار، گلیاں، مساجد، اذانیں، بارشیں اور دعائیں میری رگ رگ میں بسی ہوئی ہیں۔ اور جب دشمن ناپاک نگاہ سے اس پاک دھرتی کی طرف دیکھتا ہے، تو ایک اوورسیز پاکستانی کے طور پر بھی میرا لہو کھولنے لگتا ہے۔
کیا ہم خاموش رہ سکتے ہیں جب ہمارے بچوں کے خواب، ہمارے بزرگوں کی قربانیاں، اور ہماری نظریاتی سرحدیں خطرے میں ہوں؟ کیا ہم چپ بیٹھ سکتے ہیں جب دشمن ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھنے لگے؟ ہرگز نہیں۔
ہم امن کے داعی ضرور ہیں، لیکن اپنی خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ بھارت نے ایک بار پھر جارحیت کا مظاہرہ کرکے خطے کے امن کو خطرے میں ڈالا ہے۔ لیکن ہم جانتے ہیں کہ ہماری افواج نہ صرف پیشہ ورانہ مہارت میں بے مثال ہیں بلکہ جذبۂ ایمان سے بھی سرشار ہیں۔ ان کے پیچھے ایک پوری قوم ہے جو “پاکستان زندہ باد” کا نعرہ لگاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
ہمیں فخر ہے کہ ہمارے شہداء نے اپنے خون سے وطن کے چپے چپے کو سیراب کیا۔ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا کل بھی روشن ہوگا اور ہمارا آج بھی باوقار۔ ہماری محبت کا مرکز صرف ایک ہے، اور وہ ہے پاکستان۔
خدا ہمارے وطن کو سلامت رکھے، ہماری افواج کو سرفراز کرے اور دشمنوں کی چالوں کو ناکام بنائے۔
پاکستان زندہ باد!