امریکا میں صدارتی اُمیدواروں کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان صدارتی مباحثہ 10 ستمبر کو ہونا ہے لیکن پروفیسر ایلن لِچ مین کو یقین ہے کہ امریکا میں 2024 کا صدارتی الیکشن کون جیتے گا۔
پروفیسر ایلن لچ مین کو امریکی صدارتی انتخابات کا نوسٹراڈیمس کہا جاتا ہے، کیونکہ اُنہوں نے 1984 سے اب تک تقریباً ہر امریکی الیکشن کی بالکل صحیح پیشگوئی کی ہے۔
ایلن لِچ مین تاریخ کے پروفیسر ہیں اور اُن مٹھی بھر لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی بالکل صحیح پیشگوئی کی تھی۔
پروفیسر ایلن لِچ مین نے 120 سال کی امریکی صدارتی تاریخ کی بنیاد پر 1981 میں پیشگوئی کا ایک طریقہ تیار کیا، اِس میں 13 پوائنٹوں کا جائزہ لے کر الیکشن سے پہلے ہی بتایا جا سکتا ہے کہ اگلا صدر کون ہوگا۔
اِن 13 پوائنٹوں میں وائٹ ہاؤس کی پرفارمنس، مڈ ٹرم الیکشن، سیاسی جماعتوں کی اندرونی سیاست، معیشت، خارجہ پالیسی، اسکینڈلز اور اُمیدواروں کی شخصیات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
اِن 13 پوائنٹوں کی بنیاد پر پروفیسر ایلن لِچ مین کو یقین ہے کہ 2024 کا امریکی الیکشن، ڈیموکریٹک پارٹی کی کملا ہیرس جیتیں گی اور وہ امریکی تاریخ کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔