پاکستانی طلباء کو یونان کے تعلیمی نظام سے فائدہ اٹھانا چاہیے، سید عظیم علی
یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء )پاکستان سے یونان کے دورے پر آئے ہوئے سید عظیم علی، چیئرمین ایفک ایسوسی ایشن فارن ایجوکیشن اینڈ امیگریشن کنسلٹنٹ پاکستان نے یونان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طلباء کو یونان کے تعلیمی نظام سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یونان میں ایجوکیشن کے حوالے سے جو سہولیات یونانی حکومت فراہم کر رہی ہے وہ یورپ بھر میں سب سے مناسب ہیں۔ سید عظیم علی نے مزید کہا کہ یونان کے تعلیمی ادارے بین الاقوامی معیار کے حامل ہیں اور یہاں کے تعلیمی پروگرامز پاکستانی طلباء کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
سید عظیم علی نے پاکستانی طلباء کو یونان میں تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یونان میں تعلیمی فیسیں بھی یورپ کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہیں اور یہاں کا تعلیمی ماحول بھی بہت سازگار ہے۔
انہوں نے پاکستانی والدین اور طلباء کو یونان میں تعلیم حاصل کرنے کے فوائد اور اس کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یونان میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلباء کے لیے دنیا بھر میں بہتر ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم ہوتے ہیں۔
یونان میں تعلیم حاصل کرنے کی سہولتوں اور فوائد کو اجاگر کرنے والے اس دورے کے دوران سید عظیم علی نے یونانی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں تاکہ پاکستانی طلباء کے لیے مزید سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔