پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے سالانہ افطار ڈنر کا
غوثیہ مسجد ایمسٹرڈیم میں اہتمام، سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے
افسران اور کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کی بھر پور شرکت ۔۔۔!!
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ ۔۔۔جاوید عظیمی) ماه رمضان المبارک کے فیوض و برکات کا تسلسل جاری ہے ، ان کو سمیٹنے کے لئے مسلمان اپنی اپنی بساط کے مطابق روزہ داروں کے اعزاز میں افطاریوں اور ڈنرز کا اہتمام کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔ پاکستان بزنس فورم ہالینڈ ہر سال با قاعدگی سے اللہ تعالٰی کی خوشنودی کے حصول کے لئے مساجدمیں روزے داروں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا شاندار، پروقار اہتمام کرتا ہے۔ امسال بروز اتوار 16 مارچ 2025 کو اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مذکورہ فورم کی ٹیم نےجامع مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم میں افطار ڈنر کا شاندار اہتمام کیا ۔ افطار سے قبل مختصر تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مسجد کے امام حافظ عمران قادری نے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب میں مجید سلیمان نے ہدیہ نعت پیش کیا۔اس بابرکت تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بزنس فورم ہالینڈ کے صدر انور ثاقب نے کہا،مساجد اور اسلامی مراکز سے ہم سب کا تعاون کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ یہ وہ مراکز ہیں جہاں ہمارے نوجوانوں کو دین اسلام کی تعلیمات کے زیور سے آراستہ کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہی ہمارا مستقبل ہیں ۔ بعد ازاں جامع مسجد غوثیہ ایمسٹرڈیم کے پلیٹ فارم سے امام و خطیب علامہ عمران قادری اور خادم اعلیٰ ملک مسعود الرحمن کلیامی کی کمیونٹی کے لئے گرانقدر بے مثال خدمات پیش کرنے کے سلسلے میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں عزت و تکریم کے طور پر فورم کے چیئر مین محمد ارشد کی جانب سے سفارتخانہ کے افسران فرسٹ سیکرٹری محمد جنید اور کمر شل سیکرٹری شفیق حیدر ورک کے ہاتھوں سے شالز پیش کی گئیں ۔ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خصوصی خطاب میں کمرشل سیکرٹری شفیق حید ر ورک نے کہا کہ سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ آپ کےمسائل کے حل کے لئے عملے کی خدمات 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ آپ کو سفارش کی ضرورت بھی نہیں ۔ شفیق حیدر نے بزنس فورم کی خدمات اور کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بابرکت تقریب میں مدعو کرنے پر قلبی شکریہ بھی ادا کیا ۔ افطار ڈنر کے سلسلے میں پاکستان بزنس فورم ہالینڈکی جانب سے روزے داروں کی خدمت مختلف انواع و اقسام کے لذیذ عمدہ گرما گرم پاکستانی کھانوں سے کی گئی ۔