Daily Roshni News

پاک چین تعلقات پر کل جماعتی کانفرنس میں شرکا کا سی پیک کیلئے مکمل تعاون کا اعلان

پاک چین انسٹیٹیوٹ کی جانب سے پاک چین تعلقات سے متعلق کل جماعتی کانفرنس میں شریک سیاسی رہنماؤں نے سی پیک کیلئے مکمل تعاون کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ کل جماعتی کانفرنس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، این ڈی ایم اور جے یو آئی ایف کے رہنما شریک ہوئے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین اور سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے پاک چین تعلقات کو پاکستان کے مستقبل کیلئے مرکزی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1979 میں چین کی فی کس آمدنی 157 ڈالر تھی جو اب بڑھ کر 12 ہزار ڈالر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی جی ڈی پی 150 ارب ڈالر سے بڑھ کر 18 ہزار ارب ڈالر ہو چکی ہے، دنیا کی 500 سب سے بڑی کمپنیوں میں چین کی 142 کمپنیاں شامل ہیں۔

کانفرنس سے خطاب میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چین نے دنیا کے جنوبی حصے میں واقع ترقی پذیر ملکوں کو معاشی ترقی میں بہت مدد دی ہے۔

اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے چینی ترقی کو دنیا کیلئے رول ماڈل قرار دیا جبکہ جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری نے چینی ترقی میں صدر شی جن پنگ کے کردار کو سراہا۔

کانفرنس سے این ڈی ایم کے افراسیاب خٹک، سینیٹر جان محمد جمالی، سعدیہ عباسی، رکن قومی اسمبلی شذرہ منصب اور بلوچستان سے سینیٹر عبدالقادر نے بھی خطاب کیا۔

Loading