Daily Roshni News

پی ایس ایل 9: خراب موسم کے باعث لاہور اور پشاور کا میچ تاخیر کا شکار

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش اور خراب موسم کے باعث لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ تاخیر کا شکار ہے۔

وقفے وقفے سے بارش کے باعث پشاور  زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہونے والے میچ کا ٹاس مؤخر کر دیا گیا ہے۔

بارش رکنے کے بعد آوٹ فیلڈ سے کور ہٹائے جا رہے ہیں اور گراؤنڈ اسٹاف میدان کو  میچ کیلئے تیار کرنے میں مصروف ہے۔

دونوں ٹیمیں تاحال ہوٹل میں ہی موجود ہیں، پشاور اور لاہور کی ٹیمیں دن دو بجے کے بعد ہوٹل سے اسٹیڈیم کیلئے روانہ ہوں گی۔

انتظامیہ کی جانب سے مزید بارش نہ ہونے کی صورت میں لاہور اور  پشاور کے درمیان مختصر میچ کے انعقاد کی کوشش کی جائے گی۔

ٹیموں کو اس سے قبل دن 12 بجے اسٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم خراب موسم کے پیش نظر ٹیموں کی اسٹیڈیم آمد مؤخر کر دی گئی تھی۔

پی ایس ایل میں آج دوپہر لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کو میچ شیڈول ہے، دوپہر دو بجے شروع ہونے والے میچ کیلئے دونوں ٹیموں کو 12 بجے اسٹیڈیم پہنچنا تھا تاہم ٹیموں کو ہوٹل میں ہی رکنے کو کہا گیا تھا۔

ایونٹ میں شام کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ بھی ہونا ہے تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی میں شام کو بھی بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

Loading