Daily Roshni News

چیئرمین پی سی بی کا سخت نوٹس، آئی سی سی پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر آمادہ

پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے سخت نوٹس لیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے نیویارک میں ہوٹل کو تبدیل کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیو یارک میں 9 اور 11 جون کو دو میچز کھیلنے ہیں اور نیو یارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی مسافت پر تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاملے کا سخت نوٹس لیا تھا جس پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل کر دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اب پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا ہے وہ اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں۔

جنوبی افریقا اور سری لنکا پہلے ہی نیو یارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولیات پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آئی سی سی حکام سے رابطہ کر کے معاملے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ایونٹ کے منتظمین کو پاکستان ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کر لیا۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے آئی سی سی کو واضح طور پر بتا دیا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جن میں نیویارک میں 9 اور 11 جون کے میچز بھی شامل ہیں۔

محسن نقوی نے آئی سی سی پر واضح کر دیا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پی سی بی کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کر دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی کو بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم ان کی ذمہ داری ہے اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات کو امریکا کے خلاف میچ کے فوراً بعد نیویارک روانہ ہو گی۔

Loading