Daily Roshni News

کملا ہیرس کو انتخابات میں مسلم ووٹرز کی بڑی تعداد میں حمایت ملنے کا امکان

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کے صدارتی دوڑ سے باہر ہونے اور کملا ہیرس کے امریکا کے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد سے مسلم ووٹرز کی بڑی تعداد ڈیموکریٹ پارٹی کے ساتھ جڑ گئی۔ 

کونسل آف امریکن اسلامک ریلیشنز کے سروے کے مطابق 29.4 فیصد امریکی مسلمان کملاہیرس کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ ہیں تاہم گرین پارٹی کی امیدوار Jill Stein کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ امریکی مسلمانوں کی تعداد 29.1 فیصد ہے۔

کملا ہیرس کے مقابلے میں جب جو بائیڈن صدارتی امیدوار تھے تو انہیں صرف 7.3 فیصد امریکی  مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی جب کہ Stein کو اس وقت 36 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی، پیلزپارٹی کے امیدوار Cornel West کو 25 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی۔

اس کے برعکس بائیڈن کے دوڑ سے باہر ہونے سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ کو صرف 5 فیصد مسلم ووٹرز کی حمایت حاصل تھی، 25 سے 27 اگست کے درمیان کیے گئے تازہ سروے کے مطابق کملا ہیرس کی حمایت بڑھ رہی ہے جب کہ 16.5 فیصد مسلم ووٹرز نے تاحال فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کسے ووٹ دیں گے۔

سروے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مسلم ووٹرز دونوں بڑی سیاسی جماعتوں سے دور ہورہے ہیں، سروے میں جواب دینے والے 69.1 فیصد افراد جو کہ ڈیموکریٹک پارٹی کو ووٹ دیتے رہے ہیں ان میں سے 60 فیصد کا کہنا تھا کہ وہ اس بار تیسری سیاسی جماعت کے امیدوار کو ووٹ دیں گے جب کہ 94 فیصد مسلم ووٹرز غزہ جنگ سمیت مختلف ایشوز پر بائیڈن کی پرفارمنس سے مطمئن نہیں۔

سروے کے مطابق امریکا میں مسلم ووٹرز کی تعداد 25 لاکھ کے قریب ہے اورپانسہ پلٹنے والی ریاستوں میں امریکن مسلم ووٹرز کا ووٹ کلیدی حیثیت اختیار کرسکتا ہے۔

Loading