Daily Roshni News

کے پی حکومت کا پشاور میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا علی امین گنڈا پور نے   پشاور میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکی زیرصدارت محکمہ صحت کا اجلاس ہوا جس دوران وزیر اعلیٰ نے حکام کو 4 ماہ میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مراکز صحت میں الٹراساؤنڈ، آپریشن تھیٹراورگائنی کیلئے اقدامات کیے جائیں، مراکز صحت میں ڈاکٹر، نرسوں اورطبی عملےکی دستیابی یقینی بنائی جائے، تمام ڈی ایچ کیو اسپتالوں کو اپ گریڈ کرکے صحت کارڈ پینل میں شامل کیاجائے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسپتالوں میں فیئر پرائس فارمیسی جلد قائم کی جائیں، اسپتالوں کو درکار عملے اور طبی آلات کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے، ایک مہینے میں نئی ہیلتھ پالیسی تیار کی جائے، اسپتالوں میں تیمارداروں کے بیٹھنے اور سونے کیلئے الگ سے جگہیں مختص کی جائیں۔

اس کے علاوہ اجلاس میں گنجان آباد علاقوں کیلئے موٹربائیک رسپانس یونٹ قائم کرنے، حیات آباد کو ہیلتھ کیئر سٹی ڈکلیئر کرنے، اسپتالوں کی بہتری کیلئے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ قائم کرنے اور اسپتالوں میں بزرگ شہریوں کیلئے ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ پروگرام کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر سٹی کا مقصد علاج کی جدید سہولیات فراہم کرنا ہے،  65 سال سے زیادہ عمرکے شہریوں کا ہر 3 ماہ میں مفت چیک اپ کیا جائےگا، اس کیلئے سرکاری اسپتالوں میں الگ ڈیسک اور عملہ مختص کیا جائے گا جہاں  فری چیک اپ میں لیب ٹیسٹس، سٹی اسکین، ایم آر آئی، ایکسرے، ایکو اور ای سی جی شامل ہوں گے۔

Loading