یوم اطفال پر بلوچستان رائٹرز گلڈ برگ کی تقریب
رپورٹ۔۔۔حمیراعلیم
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ یوم اطفال پر بلوچستان رائٹرز گلڈ برگ کی تقریب۔۔۔رپورٹ ۔۔۔حمیراعلیم )اکیس نومبر شام چار بجے بلوچی اکیڈمی میں بلوچستان رائٹرز گلڈ برگ کے زیر انتظام یوم اطفال کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں شیخ ماہر فرید صاحب کی بچوں کے لیے کہانیوں کی مرتب کردہ کتاب ” سمندر گنگناتا ہے” کی رونمائی بھی کی گئی۔شیخ فرید کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔وہ ان چند شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے بلوچستان میں بچوں کے ادب کے فروغ کے لیے کام کیا اور اس کی ترقی کے لیے کوشاں ہیں۔
وہ بیک وقت افسانہ نگار، صحافی، شاعر، مضمون نگار اور ادبِ اطفال میں ممتاز حیثیت کے حامل ہیں.شیخ فرید اعلٰی اور کہنہ مشق قلم کار ہیں. یہی وجہ ہے کہ وہ کالم نگاری کے میدان میں بھی اپنا آپ منوا چکے ہیں. ان کے کالموں کی ایک نمایاں خوبی عنوانات سے واضح ہوتی ہے جو قاری کی دلچسپی حاصل کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
سمندر گنگناتا ہے میں بلوچستان کے مایہ ناز،مصنفین ڈاکٹر عبدالرشید آزاد، ڈاکٹر عنبرین مینگل، ببرک کارگل جمالی، غزالہ بٹ، ڈاکٹر راحت جبین، زیب النساء غرشین، محمد اکبر خان،امداد علی مینگل، اکبر علی ساسولی، شیخ فرید، تسنیم صنم، پروفیسر مظہر سیماب،ڈاکٹر فردوس انور قاضی اور سینئر رائٹر آغا گل صاحب کی کہانیاں شامل ہیں۔ سبق آموز اور اخلاقی کہانیوں پرمبنی کتاب بچوں کو ضرور پڑھنی چاہیے۔اور اسے اسکول کی لائبریریز میں بھی رکھنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سے مستفید ہو سکیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی دعوی اکیڈمی کے صدر ڈاکٹر محمد افتخار کھوکھر صاحب اور محمد ضیغم مغیرہ صاحب تھے جب کہ صدیق کھیتران نے صدارت کے فرائض سر انجام دئیے۔ کمپیئر محترمہ فہمیدہ گل جو کہ ایک مدرس اور لکھاری ہیں نے پوری تقریب میں اپنی بذلہ سنج کمپیئرنگ سے شرکا کو محظوظ کیا اور بور نہیں ہونے دیا۔آغا گل ، اکبر علی ساسولی، ڈاکٹر عبد الرشید، ڈاکٹر راحت جبین، صابر بولانوی صاحب بے بلوچستان میں بچوں کے ادب کی تاریخ اور ادباء کے کردار پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر افتخار کھوکھر نے اپنے خطاب کے دوران نہ صرف بلوچستان کے ادباء کو سراہا بلکہ یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ نیشنل بک فاؤنڈیشن اور دعوی اکیڈمی کے تعاون کے ساتھ بلوچستان سے شائع ہونے والے رسالے ” شہباز” کے دوبارہ اجراء کو بھی یقینی بنائیں گے۔اور ادب اطفال کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر مہمانان خصوصی اور معزز شرکاء میں شیلڈز، سرٹیفیکیٹس اور کتب بھی تقسیم کی گئیں۔