ہالینڈ،
ہالینڈ، یوم پاکستان 2025، قائم مقام سفیر پاکستان
جمال ناصر نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا
کمرشل سکرٹری شفیق حیدر نے صدر اور وزیر اعظم کے
پیغامات پڑھ کر سنائے ،جبکہ فرسٹ سیکرٹری محمد جنید نے نظامت کی۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ جاوید عظیمی۔۔۔ عکاسی ۔۔۔ جاوید بٹ پیار ا)سے یوم پاکستان کے پر مسرت موقعہ پر وطن عزیز کے سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کرنے کے لئے ہر سال کی طرح امسال بھی 23 مارچ 2025 کو سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے زیر انتظام و انصرام پرچم کشائی کی پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ قائم مقام سفیرپاکستان محترم جمال ناصر نے خوبصورت سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا شرکا ئے تقریب نے پاکستان زندہ با دکے نعرے لگائے۔ کمرشل سیکرٹری شفیق حید ر ورک نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز کے پاکستانی قوم کے نام جاری کردہ پیغامات پڑھ کر سنائے جبکہ فرسٹ سیکرٹری محمد جنید نے وزیر خارجہ ، ڈپٹی وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کا پیغام پڑھ کر شرکا ئے تقریب کی سماعتوں کی نذر کیا ۔ قائم مقام سفیر پاکستان محترم جمال ناصر نے پاکستانی کمیونٹی کے معزز خواتین و حضرات کو یوم پاکستان کی صمیم قلب سے مبارکباد اور وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقیوں اور کامیابیوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار خیال کرتے ہوئے اپنے خطاب کے دوران سفارتخانہ پاکستان کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور زور دے کہا کہ سفارتخانہ کے دروازے بلا تفریق تمام پاکستانیوں کے لئے کھلے ہیں ، آپ میں سے کسی کا بھی سفارتخانہ پاکستان سے متعلق کوئی کام ہو تو کہ آپ رابطہ کر سکتے ہیں ہمارا عملہ ہمہ وقت آپ کی خدمت کے لئےحاضر ہو گا۔
تقریب کے اختتام پر معروف عالم دین مولانا سید افتخار حسین شاہ نے وطن عزیز پاکستان کی سلامتی ، بقا، خوشحالی، مزید کامیابیوں، اور ترقیوں کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کیں۔ ماہ صیام کے احترام کے باعث لذت کام و دہن کا سلسلہ موقوف تھا جبکہ اسی وجہ سے پاکستان کے ملی، قومی گیتوں کے پروگرام کا اہتمام بھی نہیں کیا گیا۔ یاد رہے مذکورہ تقریب میں ہالینڈ کے مختلف شہروں سے اپنی محب وطن پاکستانی خواتین و حضرات شریک ہوئے ۔