Daily Roshni News

آئی ایم ایف ڈیل کے اثرات، اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے بعد ڈالر بھی سستا

عید کی تعطیلات کے بعد کاروباری ہفتے کے آغاز میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہوگیا ہے، جس کے بعد ڈالرکا بھاؤ 285 روپے ہے۔

عید سے قبل  اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے کی کمی کے بعد 290 روپے پر بند ہوا تھا جب کہ انٹربینک میں ڈالر 72 پیسے سستا ہو کر 286 روپے 99 پیسے پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر کی ڈیل کے بعد کاروبارکے پہلے دن اسٹاک مارکیٹ میں  زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار کاروبار کا 2230 پوائنٹس اضافے کے ساتھ آغاز ہوا ہے۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس یکدم 5.3 فیصد اوپر گیا جس کے بعدکاروبار ایک گھنٹے کےلیے روک دیا گیا۔

کاروبار کے آغاز پر ہی ہنڈریڈ انڈیکس 43 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور انڈیکس 2068 پوائنٹس اضافے سے 43521 تک جا پہنچا۔

ایک گھنٹے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا دوبارہ آغاز مثبت انداز میں ہوا اور ہنڈریڈ انڈیکس 5.62 فیصد اضافے سے 43783 پر چلا گیا۔

Loading