دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ کے مطابق بیٹرز میں بھارت کے ابھیشیک شرما کا پہلا نمبر برقرار ہے، آسٹریلیا کے ٹم ڈیوڈ 6 درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں اس ترقی کے بعد ٹم ڈیوڈ کا رینکنگ میں 10 واں نمبر ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ کے ٹاپ 10 میں پاکستان کا کوئی بیٹر شامل نہیں اور پاکستان کے بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد 18 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی بولرز میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ ٹی ٹوئنٹی بولرز کے ٹاپ 10 میں بھی پاکستان کا کوئی بولر شامل نہیں۔
آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ 3 درجے ترقی کے بعد 20 ویں اور پاکستان کے حارث رؤف 2 درجے ترقی کے بعد 24 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
مزید برآں ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردیک پانڈیا کا پہلا نمبر برقرار ہے۔
ون ڈے پلیئرز رینکنگ
آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
روہت شرما ایک درجہ بہتری کے بعد دوسری پوزیشن، بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسری اور محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کے بعد 23 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں اسی فہرست میں پاکستان کے صائم ایوب 9 درجہ تنزلی کے بعد 46 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بولرز رینکنگ
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، ویسٹ انڈیز کے گوڈاکیش موتی 5 درجے بہتری کے بعد 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد 13 ویں ، ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز 24 درجے لمبی چھلانگ لگاکر 33 ویں اور ابرار احمد 3 درجہ بہتری کے بعد 54 ویں پوزیشن پر آگئے۔
ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔