Daily Roshni News

آل یورپ مقابلہ حسن نعت 2024کا انعقاد 25اگست کو ہو گا۔

ہالینڈ،آل یورپ مقابلہ حسن نعت 2024کا انعقاد

25اگست کو تزک و احتشام سے دی ہیگ میں ہو گا

جاوید عظیمی کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں متفقہ فیصلہ۔۔!!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔عکاسی۔۔۔میاں عمران) علمی، ادبی اور روحانی سلسلہ عظیمیہ کی زیر سرپرستی مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام آل یورپ عظیمی   مقابلہ  حسن نعت ﷺ 2024 انعقاد کے سلسلے میں پہلا مشاورتی اجلاس زیر صدارت حا جی محمد جاوید عظیمی  کی رہائش گاہ دی ہیگ میں منعقد ہوا۔ مذکورہ اجلاس میں چوہدری محمد الیاس، میاں مظفر حسین، میاں عمران، چوہدری محمداقبال قاضیاں، میاں آفتاب ، جاوید بٹ پیارے اور چوہدری اکرام الحق شریک ہوئے۔مشاورتی اجلاس کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید سے اکرام الحق  نے کیا

جبکہ میاں مظفر حسین نے سیف الملوک کے عارفانہ کلام سے شرکائے اجلاس کو محظوظ کیا۔ محمد جاوید عظیمی نے شرکائے اجلاس  کا ان کی شرکت پر  صمیم  قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔ جاویدعظیمی  نے متذکرہ مقابلہ حسن نعتﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس نام سے ہم نے پہلا پروگرام2005میں انوار مصطفےٰ مسجد دی ہیگ میں منعقد کیا تھا ہال میں جگہ کم پڑ جانے کے باعث ہم وسیع و کشادہ مسجد نور الاسلام دی ہیگ میں شفٹ ہو گئے

۔2016تک مذکورہ مسجد میں اس پروگرام کا سالانہ انعقاد کرتے  رہےبعد ازاں کرونا وائرس آیا پھر میرا ہارٹ کا آپریشن ہو گیا جس کے باعث یہ پروگرام تعطل کا شکار رہا اب اللہ تعالیٰ  کےفضل وکرم  اور آپ دوستوں کے تعاون سے اس پروگرام کا سلسلہ بحال کرنے جا رہے ہیں۔ رب کائنات ہم سب کو خلوص نیت کے ساتھ اس  نیک عمل کے لئے اپنی  محبت و عقیدت کا اظہار اور اپنی خدمات پیش کرنے کی توفیق جمیل عطا فرمائیں۔آمین ثمہ آمین

متذکرہ مشاورتی اجلاس  کے شرکاء نے پروگرام کے سلسلے میں اپنی تجاویز،آراء اور صائب مشورے پیش کئے، ان مشوروں کی روشنی میں پروگرام کو خوب سے خوب تربنانے  کا اعادہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے باہمی مشاورت کے بعد پروگرام کے انعقاد کے لئے 25اگست کی تاریخ کو موزوں قرار دیتے ہوئے متفقہ فیصلہ دے دیا۔ جاوید عظیمی نے اس تاریخ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا اور کہا کہ آئندہ اجلاس بروز ہفتہ 29جون کو شام ساڑھے سات بجے عظیمی ہاؤس دی ہیگ میں منعقد کیا جائے گا۔

جاوید عظیمی نے شرکائے اجلاس کی تواضع پاکستانی چٹ پٹے لوازمات سے کی جس کو بے حد پسند کیاگیا۔

آخرمیں تمام شرکاء کافرداًفرداً شکریہ ادا کیاگیا۔

Loading