Daily Roshni News

آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں استقبالیہ تقریب

آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں استقبالیہ تقریب

منہاج القرآن دی ہیگ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔

نعت خواں محمد علی جرال اور محمد شہباز سمیع کی خصوصی شرکت۔۔۔

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔محمد جاوید عظیمی ) اللہ تعالیٰ کے محبوب مکرم خاتم الانبیاء سید المرسلین احمد مجتبےٰ محمد مصطفےٰ ﷺ کی ولادت پاک کا ماہ مبارک ربیع الاول شریف کا آغاز ہو گیا ہے۔ دنیا بھر میں موجود عشاقاں رسول ﷺ اس پرُ نور ماہ مبارکہ کو جشن کی صورت میں مناتے ہیں۔ نبی رحمت ﷺ سے اپنی والہانہ محبت و عقیدت کا آظہار کرنے کے لئے عشاقان رسول ﷺ محافل میلاد کا انعقاد کرتے ہیں۔ متذکرہ محافل میں نعت خوان حضرات اپنی سحر انگیز آوازوں میں نعتوں اور عقیدتوں کے پھول نچھاور کرکے حاضرین کے قلوب و اذہان کو منور کرنے کی بھی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

گزشتہ روز یکم ربیع الاول بروز جمعتہ المبارک پندرہ ستمبر نماز مغرب کے بعد منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کے زیر اہتمام آمد رسول ﷺ کے سلسلے میں پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ جس کا آغاز اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے مذکورہ مسجد کے امام و خطیب علامہ یاسر نسیم قادری نے اپنی سحر انگیز آواز سے کیا۔

پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مہمان نعت خواں حضرات محمد شہباز سمیع اور محمد علی جرال نے اپنی دلنشین آوازوں میں ایک گھنٹے کی نعت خوانی کرکے شرکائے تقریب  پرروحانی کیف طاری کر دیا مسجد کے درو دیوار  نعرہ تکبیر نعرہ رسالتﷺ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھے جبکہ نعت خوانوں کے بے حد اصرار پر حاضرین ِ  محفل نے سبحان اللہ کے پاکیزہ کلمات بھی بلندآواز میں ادا کئے ۔ مذکورہ مرکز کے انتظامی صد ر چوہدری خالد محمود نے مہمان نعت خوانوں او ر شرکائے تقریب کا ان کی شرکت پر صمیم قلب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے حق میں دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔

بعدازاں انہوں نے پروگرام میں تاخیر کی وجوہات بتاتے ہوئے  کہا کہ مہمان نعت خواں پاکستان سے فرانس آئے اور منہاج القرآن فرانس کے صدر محمد بابر کی رہنمائی میں دی ہیگ تشریف لائے اس سفر کے دوران کچھ تاخیر ہوئی ہے اس کے باوجود میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ نماز ِ عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد علامہ یاسر نسیم قادری نے اپنے مخصوص انداز میں اجتماعی دعا کرائی۔ بعدازاں لذت کام و دہن کے سلسلے میں شرکائے تقریب کی ضیافت ِ محمدی سے تواضع کی گئی۔

Loading