Daily Roshni News

استنبول ترکیے میں “پاکستان یکجہتی فارم ” کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کیلئے عید ملن پارٹی کا انعقاد


استنبول ترکیے میں “پاکستان یکجہتی فارم ” کی جانب سے عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کیلئے عید ملن پارٹی کا انعقاد

استنبول (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)ترکیے کے شہر استنبول میں پاکستانیوں کی تنظیم  “پاکستان یکجہتی فارم ” کی جانب سے استنبول میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے

عید الاضحیٰ 2025 کے موقع پر ایک پُروقار اور رنگا رنگ عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستانی شہریوں، طلبہ، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس تقریب میں نہ صرف پاکستانی بلکہ ترک اور دیگر ممالک کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔

یہ تقریب استنبول کے خوبصورت اور تاریخی علاقے ایوب سلطان میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد دیارِ غیر میں رہتے ہوئے پاکستانی تہذیب و ثقافت کو فروغ دینا اور باہمی روابط کو مضبوط کرنا تھا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔

تقریب میں شریک کمیونٹی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:

“ہماری نئی نسل کو اپنی زبان، ثقافت اور روایات سے جوڑنا نہایت ضروری ہے، اور ایسے  اجتماعات ہماری شناخت کو زندہ رکھتے ہیں۔” اور دیار غیر میں رہنے والے بہت سے پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

تقریب کے مہمانوں کی تواضع روایتی اور لذیذ پاکستانی کھانوں سے کی گئی جس میں مٹن پلاؤ، حلیم، لسی اور میٹھے میں لذیذ کھیر شامل تھی۔ مہمانوں کے لئے ترکش چائے کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

تقریب کے آخر پر اجتماعی دعا کی گئی اور سب نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔

شرکاء نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوئی اور اس نے وطن سے دور، اپنوں کا سا احساس بخشا۔

خوبصورت موسم، ٹھنڈی ہوا، سمندر کا کنارہ اور پہاڑیوں کے دلکش نظاروں نے تقریب کو اور بھی رونق بخشی۔

Loading