Daily Roshni News

اسرائیلی قاتل حکومت فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کررہی ہے: مہاتیر محمد

ملائیشیا کے رہنما مہاتیرمحمد نے غزہ کے اسپتال پر بمباری سے متعلق امریکی صدر کا بیان مضحکہ خیز اور اسرائیلی حکومت کو قاتل قرار دیدیا۔

ایک بیان میں مہاتیر محمد نے کہا کہ اسرائیلی قاتل حکومت فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی حمایت میں  بائیڈن کا بیانیہ نیتن یاہو اور پینٹاگون کے تاثرات پر مبنی ہے۔

مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ  اسرائیل اور اس کی آئی ڈی ایف دہشتگرد ہیں، امریکا دہشتگردوں کی کھلم کھلا حمایت کر رہا ہے تو امریکا خود کیا ہے؟

واضح رہے کہ اب تک غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں 15 سو سے زائد بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 14 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی بربریت کا شکار ہوکر زخمی ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی افواج کی بمباری میں غزہ کے 30 فیصد مکانات تباہ ہو گئے ہیں جبکہ بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بھی 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

Loading