Daily Roshni News

اسرائیل میں حماس کی حمایت میں پوسٹ لگانے پر فلسطینی اداکارہ گرفتار

قابض اسرائیلی پولیس نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی حمایت میں سوشل میڈیا پوسٹ لگانے والی فلسطینی اداکارہ مائیسہ عبدالہادی کو گرفتار کر لیا۔

غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق  37 سالہ مائیسہ عبد الہادی نے غزہ اور حماس کی حمایت میں سوشل میڈیا پوسٹ شیئر کی تھی۔

اداکارہ مائیسہ عبد الہادی نے ہنستے ہوئے ایموجیز کے ساتھ 85 سالہ یرغمالی یفیٰ ادر کی تصویریں اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کی تھیں جبکہ دوسری پوسٹ میں حماس کی افواج کو اسرائیل کی حفاظتی رکاوٹ توڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اس پوسٹ کے بعد اسرائیلی پولیس نے فلسطینی اداکارہ کو گرفتار کر لیا، اسرائیلی پولیس کی جانب سے اداکارہ  کا نام لیے بغیر گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا  کہ  ناصرہ سے نیٹ ورک انفلوئنسر اور  اداکارہ کو دہشتگردوں کی حمایت اور نفرت انگیزی پھیلانے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔

 پولیس  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے  پولیس دہشتگردی اور  اشتعال انگیزی کے  خلاف جنگ  جاری  رکھے ہوئے ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس سے قبل بھی  اسرائیل میں کئی اداکاروں اور معروف شخصیات کو فلسطین  کی حمایت پر  حراست میں لیا جا چکا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی غزہ پر اندھا دھند بمباری جاری ہے، شمال میں الشاتی اور جنوب میں خان یونس پناہ گزین کیمپس پر حملوں میں بچوں سمیت مزید 56 فلسطینی بچے شہید ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز  غزہ میں 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں 182 بچوں سمیت مزید 704 افراد کو شہید کیا گیا جس کے بعد 7 اکتوبر سے24 اکتوبر  تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 800 تک چلی گئی۔

اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والوں میں 2 ہزار سے زائد بچے اور 1100 خواتین بھی شامل ہیں جبکہ کل زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں اسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے۔

Loading