-
اس وقت میں ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کے موڈ میں نہیں ہوں: ٹرمپ
ویب ڈیسک
صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران میں جنگ بندی سے بہترکی تلاش میں ہوں، ایران میں تنازع کے حقیقی خاتمےکی تلاش میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت میں ایران کے ساتھ بات چیت کرنے کے موڈ میں نہیں ہوں۔
امریکی صدر نے ٹرتھ سوشل پربیان میں کہا کہ کسی بھی شکل یا صورت میں ایران سے امن مذاکرات کے لیے رابطہ نہیں کیا لہٰذا ایران کو وہ معاہدہ قبول کر لینا چاہیے تھا جو میز پر موجود تھا۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 02:46 PM
امریکی صدر ایران اسرائیل کشیدگی میں جلتی پر تیل ڈال رہے ہیں: چین
ویب ڈیسک
چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران اسرائیل کشیدگی میں جلتی پر تیل ڈال رہے ہیں، وہ اس تنازع کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کام کر رہے ہیں، ایران اور اسرائیل میں سفارتی عملہ متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے، ایران اوراسرائیل سے چینی باشدوں کے انخلا پرتیزی سےکام ہورہاہے۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 02:39 PM
جو غزہ میں کیا وہ ہی ایران میں بھی کرینگے: اسرائیلی فوجی ترجمان کی دھمکی
ویب ڈیسک
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ اسرائیل نے لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں کیا ایران میں بھی وہی کرے گا۔
العربیہ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایک پریس بریفنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایران پر کیے گئے حملوں پر بات کی لیکن مستقبل کے اہداف کا اعلان کرنے سے انکار کردیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کے روز ایران پر کیے گئے حملوں میں 50 سے زائد طیاروں نے شرکت کی اور ان حملوں میں 120 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 12:25 PM
مذاکرات کی میزکبھی نہیں چھوڑی مگر اس وقت فوکس اسرائیلی جارحیت سےنمٹنے پر ہے: ایرانی وزیر خارجہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران وزیر خارجہ عباس عراقچی نے 3 یورپی ہم منصبوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی اور نہ ایران خونریزی جاری رکھنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرن سفارتکاری کےلیے سنجیدہ ہے، مذاکرات کی میزکبھی نہیں چھوڑی مگر اس وقت تہران کا فوکس اسرائیلی جارحیت سےنمٹنے پر ہے۔
ایرانی ٹی وی چینل پر اسرائیلی حملے سے متعلق ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایرانی ٹی وی چینل پر بمباری اسرائیل کی بدحواسی کو ظاہرکرتا ہے۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 12:15 PM
بھارت کا تہران میں موجود اپنے شہریوں کو شہر چھوڑنے کی ہدایت
ویب ڈیسک
ایران اسرائیلی جنگ کے باعث بھارت نے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ایران کے دارالحکومت تہران میں موجود اپنے شہریوں کو شہر چھوڑ کر کسی محفوظ مقام پر جانے کی ہدایات دی ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل جنوبی کوریا نے ایران کے تمام خطوں میں رہنے والے اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ آج ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ تہران میں رہنے والے لوگ فوری شہر چھوڑ کر چلے جائیں۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 12:02 PM
اسرائیلی فوج کا ایک اور ایرانی سینئر کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ
ویب ڈیسک
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ختم الانبیا کے سینٹرل ہیڈ کورارٹر کے سربراہ علی شادمانی کوشہید کرنےکا دعویٰ کیا ہے۔
علی شادمانی کو جمعہ کو غلام علی رشید کی شہادت پر ختم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کا سربراہ بنایا گیا تھا۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 10:20 AM
ٹرمپ ایرانی حکام سے جلد ملاقات کے خواہش مند، انتظامیہ کو اہتمام کرنیکی ہدایت کردی
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایرانی حکام سے جلد ازجلد ملاقات کا اہتمام کریں۔
امریکی ٹی وی نے یہ دعویٰ بعض ذرائع کی بنیاد پر کیا ہے، اس سے پہلے ایک اور امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے اور وہ کینیڈا کا دورہ مختصر کرکے اس اجلاس کی صدارت کریں گے جو کہ وائٹ ہاؤس کے سیچوئشن روم میں ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے اس سے پہلے کہا تھا کہ اگر ایران نے نیوکلئیر ڈیل نہیں کی تو کچھ ضرور ہوکر رہے گا۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 10:16 AM
ایرانی نشریاتی ادارے پر اسرائیلی حملے میں 3 میڈیا کارکن شہید
ویب ڈیسک
فوٹو: اسکرین گریب ایرانی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایرانی ریاستی نشریاتی ادارے پر اسرائیلی حملے میں تین میڈیا کارکن شہید ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق شہید ہونے والے والوں میں نیما راجپور اور ماصومیہ عظیمی بھی شامل ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق نیما راجپور ایرانی ریاستی نشریاتی ادارے میں بطور نیوز ایڈیٹر کام کررہی تھیں جب کہ ماصومیہ عظیمی چینل کے براڈکاسٹ سیکریٹریٹ میں ملازمت کرتی تھیں۔
-
Tuesday Jun 17 2025 | 09:42 AM
اسرائیل ایران کشیدگی: ٹرمپ کا جی7 اعلامیے پر دستخط سے انکار
ویب ڈیسک
فوٹو:رائٹرز خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کینیڈا میں ہونے والے جی 7 اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے جس کے مسودے میں اسرائیل ایران تنازع میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اعلامیے کے مسودے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
مسودےمیں توانائی کی منڈیوں سمیت مارکیٹ کےاستحکام کےتحفظ کاعہد بھی شامل ہے۔
جی 7 اجلاس کےموقع برطانوی وزیر اعظم کےسا تھ گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہئیں، یقینی بنانے جا رہے ہیں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔
دوسری جانب صدرٹرمپ نے کینیڈا میں جی 7 اجلاس میں شرکت مختصر کر کے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے، وہ آج واشنگٹن واپس آئیں گے اور اہم معاملات میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ جی 7 اجلاس 15 جون سے شروع ہوا اور آج اس کا اختتام ہوگا۔