تل ابیب: اسرائیل نے غزہ کے بعد اب فلسطین کے مغربی کنارے پر بھی خود کار ہتھیار نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خلیجی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے فلسطین کے مغربی کنارے میں آباد کی گئی غیر قانونی آبادیوں کی حفاظت کے نام پر خودکار ہتھیار نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج مغربی کنارے پر دور سے کنٹرول کیے جانے خودکار ہتھیار نصب کرنے کی تیاری کررہی ہے، اس خودکار سسٹم کو ‘See-Fires’ بھی کہا جاتا ہے جس میں ایک ٹاور، نگرانی کے جدید آلات اور مہلک آگ نکالنے والے سمیت دیگر ہتھیار شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلسطینی مغربی کنارے میں 300 غیر قانونی اسرائیلی آبادیاں قائم ہیں جن میں تقریباً 7 لاکھ اسرائیلی آبادکار رہائش پذیر ہیں۔
واضح رہے اسرائیلی فوج خود کار ہتھیاروں کے اس سسٹم کو 2008 سے استعمال کررہی ہے اور یہ سسٹم اس سے قبل غزہ کے بارڈر کے ساتھ لگائی گئی اسرائیلی باڑ کے ساتھ بھی نصب کی گیا تھا تاکہ غزہ سے ہونے والے حملوں کو روکا جائے۔