Daily Roshni News

‘اس کی توقع نہیں تھی ‘، وزیراعظم کی جانب سے تعریفیں سن کر ٹرمپ کا دل باغ باغ ہوگیا

‘اس کی توقع نہیں تھی ‘، وزیراعظم کی جانب سے تعریفیں سن کر ٹرمپ کا دل باغ باغ ہوگیا

پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )شرم الشیخ: وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کا علم بردار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر نے جنوبی ایشیا میں امن قائم کرکے لاکھوں زندگیاں بچائیں۔

مصر میں غزہ امن سربراہ اجلاس میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر ثالث ممالک مصر، ترکیے قطر اور امریکا نے دستخط کردیے۔

غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف بھی شریک ہوئے۔

بعد ازاں وزیر اعظم  نے شرم الشیخ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ اہم دن ہے، انتھک محنت کے بعد غزہ میں امن کیلئے کامیاب ہوئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  آج غزہ کے لیے اہم اور تاریخی دن ہے ،  پاکستان نے صدر ٹرمپ کو امن نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا،  وہ  سب سے زیادہ امن نوبیل انعام کے مستحق ہیں۔

وزیر اعظم  شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن کے علم بردار ہیں، انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن قائم کرکے لاکھوں جانیں بچائیں۔

وزیر اعظم کی جانب سے تعریفیں سن کر امریکی صدرکا دل باغ باغ ہوگیا اور انہوں نے  شہباز شریف سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور حیران ہوتے ہوئے مائیک پر کہا کہ’ میں نے اس کی توقع نہیں کی تھی’۔

ٹرمپ نے شرکا کو کہا کہ  ‘چلو اب گھر چلیں،  اب میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں بچا’۔

امریکی صدر  نے بھی وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’ شکریہ آپ نے کافی اچھے انداز سے گفتگو کی’۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شرم الشیخ میں پریس کانفرنس میں  آرمی چیف عاصم منیر کو ‘فیورٹ فیلڈ مارشل’ قرار دیا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور یہ کہوں گا کہ میرے فیورٹ فیلڈ مارشل عاصم منیر جو کہ یہاں موجود نہیں ہیں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

صدر ٹرمپ نے کہاکہ غزہ امن معاہدہ تاریخی ہے، معاہدے کے لیے سب کا شکر گزار ہوں، سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ معاہدہ بڑی کامیابی ہے، دوست ملکوں کے تعاون سے غزہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خواہش ہے پاکستان اور بھارت بہترین ہمسائے بن کر رہیں، امریکا میں موجود میری ٹیم نے بھی امن عمل میں اہم خدمات انجام دیں۔

Loading