صدر مملکت کی تازہ انٹرویو کے دوران شفاف انتخابات اورعوامی مینڈیٹ کی ضرورت کے حوالے سے گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ردعمل سامنے آ گیا۔
پی ٹی آئی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ صدر مملکت کی گفتگو خوش آئند ہے، صدر عارف علوی کا انٹرویو ملکی حالات کا ایک بے لاگ مگر جامع جائزہ ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ریاست صدرِمملکت کی گفتگو کی روشنی میں بحرانوں کے حل کی بامعنی تدبیر کرے۔
پی ٹی آئی کے بیان میں کہا گیا کہ صاف شفاف انتخابات ملک میں جمہوریت کے بقا اور تسلسل کی کنجی ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ کے بغیر صاف شفاف انتخابات کا تصور ہی نامکمل ہے۔
خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں اپنے انٹرویو کے دوران صدر عارف علوی نے کہا تھا کہ سب لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کررہے ہیں، ملک کے مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ الیکشن صاف اورشفاف ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حج پر گیا ہوا تھا تو الیکشن ایکٹ کی ترمیم جاری ہوگئی، حج پر نہ گیا ہوتا تو الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم پر دستخط نہ کرتا، الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 57 ون میں ترمیم آئین کے خلاف ہے۔